Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / انجینئرس معاشرہ کے طلبگار نہیں مددگار بنیں

انجینئرس معاشرہ کے طلبگار نہیں مددگار بنیں

مفخم جاہ انجینئرنگ کالج گریجویشن ڈے سے چیف سکریٹری تلنگانہ مسٹر جوشی کا خطاب

حیدرآباد ۔ 3 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) ۔ چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ مسٹر شیلندر کمار جوشی آئی اے ایس نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ معاشرے کے طلبگار نہیں بلکہ مددگار بنیں۔ مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے گریجویشن ڈے سے خطاب کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ طلبہ ہمیشہ اپنے آپ کو اس قابل بنائیں کہ وہ سماج کو کچھ دے سکیں۔ یہی کامیابی کا اولین بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مقصد حیات کی تکمیل کے لئے سخت محنت ضروری ہے اور اس کی حد آسمان کی بلندی ہی ہونی چاہئے یہی کامیابی کا دوسرا اصول ہے۔ مسٹر جوشی جو 1994ء آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں‘ نوجوان انجینئرس سے کہا کہ سخت محنت کا کوئی متبادل نہیں اور معلومات حاصل کرنے کی پیاس کبھی نہیں بجھنی چاہئے۔ اپنے کیریئر اور زندگی کو علم حاصل کرنے کے لئے وقف کردو۔ انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت پر زور دیا اور کہا کہ نت نئی معلومات اور مہارتوں کے لئے بچوں جیسی جستجو اور نوجوانوں کی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ نئے چالنجس اور ضروریات سے نئی مہارتوں کے بل بوتے پر نمٹا جاسکتا ہے۔ چیف سکریٹری نے ایم جے کالج کی ٹیم کو ہندوستان کے ٹاپ 100 کالجس میں شمولیت کے لئے مبارکباد پیش کی۔ جناب ظفر جاوید نے اپنی خیر مقدمی تقریر میں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نئے انجینئرس کارپوریٹ فنڈ سے درپیش چیالنجس کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے اس بات کا تیقن دیا کہ سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی بہت جلد اپنا خود کا انکیوبیشن سنٹر قائم کرے گی۔ سوسائٹی آئی ایس بی انکیوبیشن سرویس کی ممبر ہے۔ قبل ازیں اڈوائزر ڈائرکٹر ایم جے کالج ڈاکٹر بشیر احمد نے نئے گریجویٹس کا تعارف کروایا۔ چیئر مین خان لطیف خان نے انہیں حلف دلایا۔ انجینئرنگ کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 709 طلبہ نے آج انجینئرنگ کی تکمیل کی۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں مختلف مضامین کے ٹاپرس کو مومنٹوز پیش کئے گئے۔ ڈاکٹر میر اکبر علی خان خازن، نثار احمد جوائنٹ سکریٹری، عامر جاوید، محمد جعفر، ایس اے وہاب ممبرس سوسائٹی کے علاوہ ڈاکٹر فرحت اللہ حسینی، ڈاکٹر انوپما کونیرو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی میں جشن جیسا ماحول تھا۔ انجینئرنگ گریجویٹس اپنے ارکان خاندان کے ساتھ موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر اظہار مسرت کے طور پر طلبہ نے اپنے کیاپس فضا میں اُچھالی۔

TOPPOPULARRECENT