Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / انجینئرنگ طلبہ کو انٹرنشپ کی سہولت

انجینئرنگ طلبہ کو انٹرنشپ کی سہولت

کالج پرنسپلس اور کمپنیوں کے نمائندوں کا اجلاس ، کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ میں تکنیکی مہارت کو فروغ دینے کے لیے کم از کم ایک سال صنعتوں اور کمپنیوں میں انٹرنشپ کی ٹریننگ دلانے پر غور کرنے کا کالج انتظامیہ کو مشورہ دیا ۔ حکومت کے مختلف محکمہ جات میں طلبہ کو انٹرنشپ کی سہولت فراہم کرنے کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ۔ دیہی انجینئرنگ طلبہ کو تکنیکی تربیت فراہم کرنے کی ذمہ داری حکومت قبول کرے گی ۔ آج حیدرآباد میں ٹاسک اور انجینئرنگ کالجس کے پرنسپلس ، تعلیمی اداروں کے صدور نشین اور مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ مختلف مضامین کی تعلیم حاصل کرتے ہوئے ڈگری کی پڑھائی مکمل کرنے والے طلبہ کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے کی تربیت دینے کے لیے ٹاسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ گذشتہ تین سال سے ٹاسک توقع کے مطابق کام کررہا ہے ۔ مزید بہتر تربیت فراہم کرنے کے اقدامات ہونے چاہئے ۔ اس کے لیے انجینئرنگ ، فارمیسی اور دوسری تکنیکی تربیت فراہم کرنے کے لیے تکنیکی کالجس سے تعاون کرنے کی کے ٹی آر نے اپیل کی ۔ وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ریاستی حکومت نتائج سے زیادہ معیار پر توجہ دے رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے غیر معیاری انجینئرنگ کالجس کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے ۔ حکومت کے ان اقدامات سے انجینئرنگ کالجس کے معیار میں کچھ حد تک اضافہ ضرور ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی اہم طاقت نوجوان ہے دنیا کے پاس ایسی طاقت موجود نہیں ہے جو ہندوستان کے پاس ہے ۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے بتایا کہ انہیں کمپنیوں کے نمائندوں نے بتایا کہ ہر سال انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ میں کمیونیکیشن اسکلس کی کمی پائی جاری ہے ۔ کے ٹی آر نے جرمنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کے لیے پراکٹس اسکول ہے ۔ اس پر تلنگانہ میں عمل کرتے ہوئے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو صنعتوں اور کمپنیوں میں کم از کم ایک سالہ انٹرنشپ کی تربیت کو لازمی قرار دیا جائے ۔ اس سے روزگار کے مواقع مزید بڑھ جائیں گے ۔ اس معاملے میں غور کرنے کا کالج انتظامیہ کو مشورہ دیا اور حکومت کے مختلف محکمہ جات میں انٹرنشپ کی سہولت فراہم کرنے کا جائزہ لینے کا بھی تیقن دیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ تکنیکی تعلیمی ادارے بھی تعاون کریں ۔ حکومت اس معاملے میں مکمل تعاون کرے گی ۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں زیر تعلیم انجینئرنگ طلبہ کی تکنیکی اسکیل پر خصوصی توجہ دینے کی انتظامیہ کو ہدایت دی ۔ ورنگل اور نظام آباد میں ٹاسک کے علاقائی مراکز قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT