Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / انحراف کی سیاست جمہوریت کیلئے خطرناک

انحراف کی سیاست جمہوریت کیلئے خطرناک

اپوزیشن کا صفایا کرنے کی نئی روایت افسوسناک: جانا ریڈی
حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی نے کہا کہ انحراف کی سیاست جمہوریت کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ راج شیکھر ریڈی کے انحراف سیاست کی بھی مخالفت کرچکے ہیں، چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اسمبلی کا ریکارڈ دیکھ لیں۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کے جانا ریڈی نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کا کلیدی رول ہوتا ہے تاہم چیف منسٹر اپوزیشن جماعتوں کے منتخبہ عوامی نمائندوں کو حکمران جماعت ٹی آر ایس میں شامل کرتے ہوئے تلنگانہ سے اپوزیشن کا صفایا کرنے کی نئی روایت قائم کررہے ہیں جس کی وہ سخت مخالفت کرتے ہیں۔ کانگریس قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر کے سی آر نے اپنی تقریر میں ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی جانب سے 10ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے اس وقت جانا ریڈی کی خاموشی پر سوال اٹھایا، اس کا جواب دیتے ہوئے جانا ریڈی نے کہا کہ وہ تب بھی پارٹی حلقوں میں اس کی مخالفت کرچکے ہیں اور اسمبلی میں بھی اس پر اپنے رد عمل کا اظہار کرچکے ہیں چیف منسٹر تلنگانہ اسمبلی ریکارڈ کی جانچ کرسکتے ہیں۔ قائد اپوزیشن کے بشمول دوسرے تمام عہدوں کی قربانی دینے سے متعلق اپنے بیان پر دوبارہ ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ان کے بیان کو پوری طرح شائع نہیں کیا جبکہ انہوں نے پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی سے مشاورت کے بعد عہدوں کی قربانی دیتے ہوئے کانگریس پارٹی کو اقتدار میں لانے کیلئے ایک ادنیٰ کارکن کی طرح کام کرنے کی بات کہی تھی۔ انہیں عہدوں کا کوئی لالچ نہیں ہے اور وہ اُصولوں پر قائم رہنے والوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا ہر فیصلہ ان کیلئے قابل قبول ہے تاہم انحراف کی سیاست سے وہ دلبرداشتہ ضرور ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT