Wednesday , April 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / اندرا آئی سی سی کی پہلی خاتون عہدیدار

اندرا آئی سی سی کی پہلی خاتون عہدیدار

دبئی ۔10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی بورڈ میں پہلی آزاد خاتون ڈائریکٹر کا تقرر ہوا ہے۔ ہندوستانی نژاد اندرا نوئی دنیا کی معروف ترین سافٹ ڈرنک بنانیوالے کمپنی کی چیف ایگزیکٹو ہیں۔ آئی سی سی اجلاس میں ان کے تقرر کو متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ ان کا تقرر دو سال کیلئے ہے جسے مزید دو مرتبہ دو دو برس تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ عہدے پر چھ سال سے زیادہ فائز نہیں رہاجاسکے گا۔ تقرر سے متعلق تجویز گذشتہ برس اجلاس میں پیش کی گئی تھی جس کے تحت آئی سی سی کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کی سفارش کی گئی تھی۔ تجویز دی گئی تھی کہ نیا اسٹرکچر 17 ڈائریکٹرز پر مشتمل ہوگا، جس میں 12 مستقل رکن ممالک، تین اسوسی ایٹس، ایک چیئرمین اور ایک آزاد ڈائریکٹر شامل ہوں گے اور عہدے کیلئے خاتون ہونے کی شرط رکھی گئی تھی اس کا مقصد بورڈ کو زیادہ جمہوری بنانا ہے۔ اس عہدے کیلئے تقررکا عمل گذشتہ برس نومبر میں شروع کیا گیا تھا۔ آئین میں بھی تبدیلیوں کی منظوری بھی دی گئی۔اندرا نوئی رواں جون میں باقاعدہ آئی سی سی کا حصہ بن جائیں گی۔ اس متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر نے کہا کہ ہم نے اس اہم عہدہ کیلئے دنیا بھر سے بہترین امیدواروں کو پرکھا، ہم ایسے خاتون ڈائریکٹر چاہتے تھے جسے نہ صرف کرکٹ سے دلچسپی ہو، بلکہ آئی سی سی بورڈ میں شامل کہنہ مشق ارکان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں کوئی مشکل نہ ہو، تجارتی شعبہ میں کام کرنے کا وسیع تجربہ اور آئی سی سی رکن یا اسوسی ایٹ ملک سے تعلق بنیادی شرائط تھیں۔ اندرا کی صورت میں ہمیں بہترین پیشہ ور خاتون کا ساتھ ملا ہے۔ ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور مستقبل میں ان کے ساتھ کام کرنے کے بے چینی سے منتظر ہیں۔ اندرا نے کہا کہ میں نے کالج کے زمانے میں کرکٹ کھیلی تھی، مجھے اس سے عشق ہے۔مجھے فخر ہے کہ اس عہدے پر آنے والی پہلی خاتون ہوں، نئی ذمہ داریوں کیلئے بہت پرجوش ہوں۔

TOPPOPULARRECENT