Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / اندرا پارک کی عظمت رفتہ کی بحالی کا آغاز

اندرا پارک کی عظمت رفتہ کی بحالی کا آغاز

سوئمنگ پول اور فلورنگ و ریلنگ ، مئیر جی ایچ ایم سی
حیدرآباد /26 مئی ( سیاست نیوز ) اندرا پارک کو خوبصورت بنانے کیلئے اور اس کی عظمت رفتہ کی بحالی میں تالاب کی صفائی کے کام مددگار ثابت ہوں گے ۔ یہ بات مئیر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن نے بتائی ۔ مئیر نے آج یہاں اندرا پارک میں واقعہ تالاب کی صفائی کے کاموں کا آغاز کیا اور بلڈوزر آپریٹ کرتے ہوئے صفائی کے کاموں میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر مئیر نے کہا کہ گذشتہ 30 سال سے قبل شہر میں واقعہ بڑا تفریح مقام نظر انداز کردیا گیا ۔ انہوں نے اس دور کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اندرا پارک کے تالاب میں بوٹنگ ہوا کرتی تھی اور پرندوں اور پانی کے جانوروں سے یہ  تالاب شاداب رہتا تھا ۔ تاہم مسلسل لاپرواہی کے سبب مٹی جمع ہونے سے حیوانی زندگی محال ہوگئی اور سیاحوں کیلئے بھی یہ خوبصورت تالاب بے فیض ہوگیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر صفائی کیلئے 37 لاکھ منظور کئے گئے ہیں اور 10 دن میں یہ کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ مئیر حیدرآباد نے بتایا کہ اندرا پارک کے قریب ایک بڑا سوئمنگ پول بھی تعمیر کیا جائے گا اور صفائی کے کاموں کی تکمیل کے بعد تالاب کے اطراف خوبصورت ریلنگ لگائی جائے گی اور بہترین انداز میں فلورنگ کی جائے گی ۔ اس موقع پر بلدیہ دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT