Thursday , November 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / اندرا کرن ریڈی سیکولر قائد اور مسلمانوں کے ہمدرد نرمل میں این آر آئی حبیب اسد الجیلانی کا اظہار خیال

اندرا کرن ریڈی سیکولر قائد اور مسلمانوں کے ہمدرد نرمل میں این آر آئی حبیب اسد الجیلانی کا اظہار خیال

نرمل ۔ 23 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت کی جانب سے غریب عوام میں ملبوسات کی تقسیم ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ اس موقع پر حبیب اسد الجیلانی این آر آئی جو عید کیلئے اپنے وطن آئے تھے انھوں نے اپنے مختصر خطاب میں کہاکہ آج ریاست تلنگانہ کی تشکیل چندرشیکھر راؤ کا تاریخ ساز کارنامہ ہے بلکہ یہ کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا کہ جس طرح مہاتما گاندھی نے انگریزوں کی غلامی سے ملک کو آزادی دلائی تھی اسی طرح کے سی آر نے آندھرائی قیادت سے تلنگانہ کو آزاد کروایا جبکہ اس شہر کی خوش نصیبی بھی ہے کہ اے اندرا کرن ریڈی جیسے سیکولر قائد ہمارے لئے ٹھوس اقدامات کے ذریعہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ ہیں۔ مسٹر الجیلانی نے کہاکہ پندرہ دن قبل رمضان کی سرکاری افطار پارٹی میں مسٹر اے اندرا کرن ریڈی نے جامع مسجد نرمل میں افطار کے فوری بعد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مغرب کی نماز ادا کی ، میں برسوں سے ان کی اقلیت نواز دوستی کا شیدائی رہا ہوں اب عملی طورپر ان کی مسلمانوں سے بے پناہ محبت کو دیکھ بھی رہا ہوں ۔ سعودی عرب میں مقیم نرمل کے نوجوانوں کو ان کی کارکردگی سے واقف کرواؤں گا ۔ مجھے یقین ہے کہ آئندہ بھی وزیر موصوف نرمل بالخصوص اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹھوس قدم اُٹھائیں گے ۔ ان کی شاندار کارکردگی اس بات کا مظہر ہے کہ وہ اقلیتوں کے دلوں میں ایک خاص جگہ بناچکے ہیں اور تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے وہ کام کریں گے ۔ میں انھیں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

TOPPOPULARRECENT