Friday , February 23 2018
Home / ہندوستان / اندرا گاندھی نے پناہ گزینوں کی مدد کی تھی : انٹونی

اندرا گاندھی نے پناہ گزینوں کی مدد کی تھی : انٹونی

نئی دہلی 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر اے کے انٹونی نے روہنگیا پناہ گزینوں کو قبول نہ کرنے پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مثالیں پیش کیں کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے بنگلہ دیش سے آنے والے پناہ گزینوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے تھے ۔ سابق وزیر دفاع نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ 40 ہزار روہنگیائی شہریوں کو ملک سے باہر کرنے پر بضد ہے جبکہ یہ لوگ یہاں مدد طلب کر رہے ہیں۔ انٹونی نے کہا کہ 1970 کی دہائی میں ایک کروڑ سے زائد پناہ گزین بنگلہ دیش سے ہندوستان آئے تھے اور اس وقت سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ان کے تحفظ اور حفاظت کیلئے اقدامات کئے تھے ۔ انہوں نے ان پناہ گزینوں کیلئے جدوجہد کی تھی اور ان کیلئے نئے ملک بنگلہ دیش کے قیام کو یقینی بنایا تھا ۔ مسٹر انٹونی دہلی میں کیرالا یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کا آغاز کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی کثرت اور اظہار خیال کی آزادی کو خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ بھی آزادی نہیں ہے کہ آپ اپنی پسند کی غذا استعمال کریں ‘ یا پسند کی فلم دیکھیں یا پسند کی کتابیں پڑھیں۔ کئی صدیوں سے جو اقدار ہماری رہی ہیں آج انہیں چیلنجس کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے تبادلہ خیال و مباحث کے کلچر سے محروم ہو رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT