Saturday , February 24 2018
Home / شہر کی خبریں / اندرون تین سال آندھرا پردیش میں 25 ہزار کروڑ کی بیرونی سرمایہ کاری

اندرون تین سال آندھرا پردیش میں 25 ہزار کروڑ کی بیرونی سرمایہ کاری

مزید 35 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی توقع ، وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو کا بیان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے کہا کہ تین سال کے دوران ریاست میں 25 ہزار کروڑ روپئے کی بیرونی ممالک سے سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ مزید 35 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہونے کے امکانات روشن ہیں جس سے نوجوانوں کو مزید روزگار حاصل ہونے کے امکانات ہیں ۔ اسمبلی میں ریاست کی ترقی کے مختصر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو ریاست کی ترقی کے لیے انقلابی منصوبہ بندی تیار کرتے ہوئے کام کرہے ہیں ۔ ریاست میں ہونے والے ترقیاتی و تعمیری اقدامات سے متاثر ہو کر ملک و بیرون ممالک کی کمپنیاں اور کارپوریٹ ادارے آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے آگے آرہے ہیں ۔ ریاست کو ترقی کے معاملے میں ملک کا رول ماڈل بنانے اور عوام کی خوشحالی کے لیے حکومت عملی اقدامات کررہی ہے ۔ جس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔ ریاست کو تمام شعبوں میں ترقی دی جارہی ہے ۔ وائی رام کرشنوڈو نے کہا کہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سماج کے ہر طبقہ کو ترقی دینے غریب عوام کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کے لیے حکومت کام کررہی ہے ۔ ریاست میں مالی مسائل کی پرواہ کئے بغیر حکومت فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کررہی ہے ۔ بڑے پیمانے پر قرض حاصل کرتے ہوئے ریاست کو ترقی دینے اور عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کئی ممالک کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے سرمایہ داروں کو آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT