Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / اندرون ہفتہ اقلیتوں کے لیے صد فیصد سبسیڈی اسکیم

اندرون ہفتہ اقلیتوں کے لیے صد فیصد سبسیڈی اسکیم

اقلیتی فینانس کارپوریشن کا جائزہ اجلاس ، ایم ڈی شفیع اللہ غیر حاضر ، چیرمین اکبر حسین کا خطاب
حیدرآباد۔ 22 فبروری (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لینے کے لیے صدرنشین سید اکبر حسین نے آج عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا لیکن منیجنگ ڈائرکٹر بی شفیع اللہ نے مصروفیات کا بہانہ بناکر شرکت نہیں کی۔ صدرنشین کی جانب سے اجلاس کی پیشگی اطلاع کے باوجود ان کی عدم شرکت کو اقلیتی اسکیمات سے عدم دلچسپی کا نتیجہ کہا جاسکتا ہے۔ بی شفیع اللہ کو اقلیتی فینانس کارپوریشن کے علاوہ اقامتی اسکول سوسائٹی کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے لیکن وہ کارپوریشن سے زیادہ سوسائٹی کے کاموں پر توجہ دے رہے ہیں جس سے کارپوریشن کے اسکیمات متاثر ہوئی ہیں۔ صدرنشین کارپوریشن سید اکبر حسین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اندرون ایک ہفتہ اقلیتوں کے لیے صد فیصد سبسیڈی اسکیم کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اسکیم پر موثر عمل آوری کے لیے تیار رہیں۔ اکبر حسین نے کہا کہ ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت شہر اور اضلاع میں جو مراکز کام کررہے ہیں وہ بذات خود معائنہ کریں گے اور امیدواروں کی تربیت کا جائزہ لیں گے۔ جس سنٹر پر امیدوار دستیاب نہ رہیں اسے فی الفور منسوخ کردیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں اور ملازمین کو ہدایت دی کہ وقت کی پابندی کریں اور پوری ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اکبر حسین نے کہا کہ کارپوریشن میں اسٹاف کی کمی ہے لہٰذا دیگر اداروں میں فرائض انجام دینے والے عہدیدار اپنی خدمات پر کارپوریشن واپس آجائیں۔ اس سلسلہ میں وہ حکومت کو واقف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن نے ابھی تک 6 ہزار سے زائد سلائی مشین تقسیم کیے ہیں۔ اجلاس میں جنرل منیجر ایم اے باری، ایڈیشنل جنرل منیجر ایم اے باسط اور دیگر نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT