Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / انسداد جرائم کیلئے ریاستی حکومت کے موثر اقدامات : وزیر داخلہ

انسداد جرائم کیلئے ریاستی حکومت کے موثر اقدامات : وزیر داخلہ

مختلف مقامات پر 1000 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ۔ حیدرآباد و رنگا ریڈی میں رہزنی کے واقعات میں اضافہ کی تردید

مختلف مقامات پر 1000 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ۔ حیدرآباد و رنگا ریڈی میں رہزنی کے واقعات میں اضافہ کی تردید
حیدرآباد۔/20نومبر، (سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے حیدرآباد اور رنگاریڈی میں رہزنی اور چین چھیننے کے واقعات میں اضافہ کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس طرح کے واقعات پر قابو پانے نہ صرف اقدامات کررہی ہے بلکہ خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے پولیس کو متحرک کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے وقفہ سوالات کے دوران بی جے پی، کانگریس اور دیگر ارکان کے سوال پر کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے حکومت کے اقدامات سے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم مقامات پر ابھی تک 1000سی سی کیمرے نصب کئے گئے۔ اس سلسلہ میں بجٹ میں 80کروڑ روپئے فراہم کئے گئے ہیں تاکہ دیگر علاقوں میں بھی کیمرے نصب کئے جائیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حیدرآباد میں جرائم پر قابو پانا اور امن و ضبط کی صورتحال پر قابو رکھنا حکومت کی اولین توجہ ہے کیونکہ چیف منسٹر حیدرآباد کو ہر اعتبار سے عالمی معیار کا شہر بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد اور سائبر آباد کے پولیس کمشنرس کو مستعد اور متحرک عہدیدار قرار دیا اور کہا کہ وہ جرائم پر قابو پانے پولیس گشت میں اضافہ و دیگر اقدامات کررہے ہیں۔ انہوںنے وضاحت کی کہ 2012میں حیدرآباد اور رنگاریڈی میں رہزنی کے 156 اور چین چھیننے کے 1485 واقعات پیش آئے اور علی الترتیب 70اور 55فیصد ریکوری ہوئی۔2013میں رہزنی کے 121 اور چین چھیننے کے 1716واقعات پیش آئے۔ جاریہ سال رہزنی کے 186 و چین چھیننے کے 1187واقعات پیش آئے ہیں اور ان میں علی الترتیب 60اور 62فیصد مال برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو عصری بناتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کو ٹو وہیلر اور فور وہیلر گاڑیاں فراہم کی گئیں جو حساس علاقوں میں مسلسل گشت پر مامور ہیں۔ اہم مقامات پر گاڑیوں کو متعین کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے امکانی علاقوں میں پولیس کی خفیہ پارٹیاں گشت کرکے مجرمین پر نظر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعات پر قابو پانے عوام میں شعور بیداری مہم شروع کی گئی۔ بی جے پی رکن سی ایچ رامچندرا ریڈی نے رہزنی اور دیگر جرائم کے واقعات میں اضافہ کی شکایت کی اور کے بی آر پارک کے پاس کل کے واقعہ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے بی آر پارک سے چین اُڑانے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ انہوں نے منسٹرس کوارٹرس بنجارہ ہلز کے قریب وائن شاپ سے اطراف کے مکینوں کیلئے دشواریوں کا بھی حوالہ دیا۔ بی جے پی فلور لیڈر ڈاکٹر لکشمن نے سی سی کیمروں کی تنصیب اور پولیس گشت میں اضافہ کی تجویز پیش کی۔ کانگریس کی ڈی کے ارونا نے رہزنی اور دیگر واقعات میں ملازمین پولیس کے ملوث ہونے کی شکایت کی اور کہا کہ کل کے بی آر پارک کے پاس پیش آئے فائرنگ کے واقعہ میں سابق کانسٹبل کے ملوث ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

TOPPOPULARRECENT