Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / انضمام کے بھتیجے امام الحق کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت

انضمام کے بھتیجے امام الحق کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت

کراچی۔6 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سب سے تجربہ کار اور پر اعتماد بیٹسمین اظہر علی گھٹنے کی تکلیف سے مکمل صحت حاصل نہیں کر سکے۔ سری لنکا کے خلاف پانچ ونڈے میچوں کی سیریز میں انھیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ۔ انضمام الحق کی سربراہی میں پاکستانی سلیکشن کمیٹی نے ان کی جگہ نوجوان اوپنر امام الحق کو شامل کیا ہے۔بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے21 سالہ امام الحق ، انضمام الحق کے بھتیجے ہیں۔ گھریلو سیزن میں غیرمعمولی کارکردگی پر انہیں پاکستان ٹیم میں پہلی مرتبہ شامل کیا جا رہا ہے۔ فاسٹ بولر وہاب ریاض ونڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم کے رکن اظہر علی کی عدم موجودگی میں محمد حفیظ اور شعیب ملک بیٹنگ لائن کے اہم ستون ہوں گے۔ ذرائع کے بموجب اظہر علی انجیکشن لگوا کر ٹسٹ سیریز میں شرکت کررہے ہیں اس لئے سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ ان پر مزید خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں۔ اظہر علی کو آرام کی خاطر وطن واپس بھیجا جارہا ہے۔ امام الحق نے 31 فرسٹ کلاس میچوں میں 1744 رنز بنائے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 200 رنز ہے۔ پاکستان کی ونڈے ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والے آصف ذاکر بھی ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔ سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز کے لئے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ سرفراز احمد (کپتان)، احمد شہزاد، فخر زمان ، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، فہیم اشرف، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم ، جنید خان، محمد عامر، رومان رئیس اور شاداب خان۔

TOPPOPULARRECENT