Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / انـضمام الحق کیلئے افغان انتظامیہ وقت سے پہلے معاہدہ ختم کرنے راضی

انـضمام الحق کیلئے افغان انتظامیہ وقت سے پہلے معاہدہ ختم کرنے راضی

کابل۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے سربراہ شفیق استنکزئی نے اپنی ٹیم کی کوچنگ کے لئے پاکستانی سابق کپتان انضمام الحق کے مستقبل کے حوالے سے تمام خدشات کو دور کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر پاکستان کو ان کی ضرورت ہوئی تو بورڈ ان کا معاہدہ ختم کرنے کے لئے تیار ہے۔ سابق کپتان انضمام الحق کو پاکستانی ٹیم کے  چیف سلیکٹر کے عہدے کے لئے مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے تاہم انضمام الحق کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کو انٹرویو میں شفیق استنکزئی نے کہا کہ شہریارخان نے  مجھے فون پر کہا کہ وہ انضمام الحق کو بورڈ میں ذمہ داری دینا چاہتے ہیں جس کے لئے آپ کی مدد درکار ہے جس پر انہوں نے کہا کہ اگر پاسکستان کو انضمام الحق کی ضرورت ہے تو وہ انہیں معاہدہ کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی نئی ذمہ داری کی اجازت دے گا۔ دریں اثناء انضمام کو چیف سلیکٹر بنانے کے فیصلے کو سابق کوچ وقاریونس نے سراہتے ہوئے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔

وقاریونس نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سنا ہے کہ انضمام چیف سلیکٹر کے عہدے پر آ رہے ہیں جو ایک اچھی خبر ہے۔ مجھے خوشی ہے پی سی بی نے ورلڈ کپ 2015 کے بعد میری جانب سے دی گئی تجاویز پر غور شروع کردیا ہے۔انضمام الحق کو افغانستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے دورہ زمبابوے کے لئے ہیڈ کوچ مقررکیا تھا اور ٹیم کی آئی سی سی کے رکن زمبابوے کے خلاف ونڈے اور  ٹوئنٹی20  سیریز میں کامیابی کے بعد معاہدے کی توثیق کی تھی۔انضمام کی کوچنگ میں افغان ٹیم نے حالیہ ورلڈ کپ  میں چمپیئن ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف  یادگار کامیابی حاصل کی ہے۔اے سی بی کے سربراہ ٹیم کے کامیاب ہیڈ کوچ کو جانے کی اجازت دینے کے لئے تیار ہیں کیونکہ افغان باوفالوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ہمارے ساتھ معاہدہ رواں سال دسمبر تک ہے لیکن ہم باوفا لوگ ہیں اور اگر پاکستان کو انضمام کی اپنے ملک کے لئے ضرورت ہوتو ہم ان کو اجازت دینے کے لئے تیار ہیں۔ ہم اس وقت معاہدے کے تمام شرائط و ضوابط کو دیکھ رہے ہیں لیکن ہم انھیں اچھے اور کامیاب انداز میں اختتام کے لئے مجبور نہیں کریں گے۔انضمام الحق افغانستان کے کوچ بننے سے قبل 2012-13  میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان ٹیم کے بیٹنگ مشیر تھے۔

TOPPOPULARRECENT