انفارمیشن ٹکنالوجی ورلڈ کانفرنس کی تیاریاں

انتظامات کیلئے 6 کروڑ روپئے مختص ، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا بیان

انتظامات کیلئے 6 کروڑ روپئے مختص ، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا بیان
حیدرآباد /16 جنوری ( این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ دنیا کی پروقار انفارمیشن ٹکنالوجی ورلڈ کانفرنس 2018 ء کو دارالحکومت حیدرآباد میں منعقد کرنے کی خواہاں ہے ۔ اس سلسلے میں انتظامات تیزی سے جاری ہیں ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت نے کانفرنس کی تیاریوں کیلئے 6 کرؤر روپئے مختص کئے ہیں ۔ سکریٹریٹ میں ناسکام کے چیرمین آر چندر شیکھر راؤ اور وائس چیرمین بی وی آر موہن ریڈی کے ساتھ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ناسکام کے تعاون سے کانفرنس کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور اس کیلئے 6 کروڑ روپئے ( ایک ملین امریکی ڈالر ) مختص کئے ہیں ۔ انہوں نے اس بین الاقوامی کانفرنس کو کامیاب بنانے کی کوششوں کیلئے ناسکام سے اظہار تشکر کیا ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے 7 ماہ پورے ہورہے ہیں اور ہم نے انفارمیشن ٹکنالوجی ریسرچ اور ڈیولپمنٹ پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے ۔ عالمی آئی ٹی تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں ۔ آئی ٹی تعلیم اور صنعتوں کے درمیان فروغ کو دور کیا جارہا ہے ۔ اس کانفرنس میں عالمی آئی ٹی کمپنیوں کی تجاویز اور رائے کو بھی سنا جاسکے گا ۔ اس کانفرنس کی مدد سے پیداوار اور مستقبل کے منصوبوں کی تیاری اور پالیسیوں کو وضع کرنے میں مدد ملے گی ۔ اس سے روزگار کے مواقع بہتر ہوگے ۔

TOPPOPULARRECENT