Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / اننت ناگ ضمنی چناؤ ملتوی کرنے تصدق مفتی کی اپیل

اننت ناگ ضمنی چناؤ ملتوی کرنے تصدق مفتی کی اپیل

کشیدہ حالات میں الیکشن مناسب نہیں۔ الیکشن کمیشن کیلئے پی ڈی پی امیدوار کا معروضہ
سری نگر 10اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اننت ناگ کی پارلیمانی نشست کے لئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) امیدوار تصدق حسین مفتی نے پیر کے روز الیکشن کمیشن سے 12 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی اپیل کردی۔انہوں نے انتخابات ملتوی کرانے کی یہ اپیل وسطی کشمیر میں اتوار کو پولنگ کے دوران ہونے والے بڑے پیمانے کے تشدد کے تناظر میں کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اُن کی پارٹی پی ڈی پی نے الیکشن کمیشن کو ایک مکتوب بھیجا ہے جس میں اننت ناگ کی پارلیمانی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔اننت ناگ کی پارلیمانی نشست جنوبی کشمیر کے چار حساس اضلاع اننت ناگ، پلوامہ، کولگام اور شوپیان پر محیط ہے ۔ تصدق حسین مفتی جو کہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بھائی ہیں، نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ‘موجودہ صورتحال انتخابات کے لئے سازگار نہیں ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ووٹ ڈالنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا ہے ۔اپنے والد مفتی محمد سعید کے انتقال کے کچھ ماہ بعد سیاست میں قدم رکھنے والے تصدق نے کہا کہ جمہوریت لوگوں کی ہلاکتوں کا سبب نہیں بنی چاہیے ۔خیال رہے کہ وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں اتوار کو سری نگر کی پارلیمانی نشست کے لئے ضمنی انتخابات کے تحت پولنگ کے دوران آزادی حامی احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین بدترین جھڑپوں میں 8نوجوان ہلاک جبکہ قریب 150 دیگر زخمی ہوگئے ۔جھڑپوں کے دوران سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں ضلع بڈگام میں 7 جبکہ ضلع گاندربل میں ایک نوجوان جاں بحق ہوا۔ جھڑپوں کے دوران زخمی ہونے والے 150 عام شہریوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT