Monday , November 20 2017
Home / ہندوستان / انوپ چیتیا کو سی بی آئی نے گرفتار کرلیا ‘ 6 دن کی ٹرانزٹ تحویل

انوپ چیتیا کو سی بی آئی نے گرفتار کرلیا ‘ 6 دن کی ٹرانزٹ تحویل

نئی دہلی 12 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی نے آج ممنوعہ تنظیم الفا کے بانی رکن انوپ چیتیا کو گرفتار کرلیا ہے ۔ اس پر تین دہے قبل قتل کیس درج ہے جس کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد ہیں۔ انوپ چیتیا کو بنگلہ دیش نے ہندوستان کے حوالے کیا ہے ۔ ایک مختصر سے بیان میں سی بی آئی نے کہا کہ چیتیا کو ایک قتل کیس کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے جو 1988 میں تحقیقات کیلئے سی بی آئی کے سپرد کیا گیا تھا ۔ انوپ چیتیا کا اصلی نام گولپ باروا ہے ۔ ایجنسی نے کہا کہ انوپ چیتیا کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا ہے جس کے بعد اسے چھ دن کی سی بی آئی ٹرانزٹ تحویل میں دیدیا گیا ہے ۔ سی بی آئی کی جانب سے گولاگھاٹ کے سابق کونسلر دیبوکشی دھر چودھری کے قتل کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ یہ قتل الفا کے باغیوں نے 29 اگسٹ 1986 کو کیا تھا اور چیتیا پر الزام ہے کہ وہ بھی اس قتل کی مجرمانہ سازش میں ملوث تھا ۔ 48 سالہ انوپ چیتیا کو 1997 میں بنگلہ دیش نے گرفتار کیا تھا اور اس کو وہاں سات سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔ اس پر سٹیلائیٹ فون اور بیرونی کرنسی رکھنے کا الزام تھا ۔ انوپ چیتیا کی سزا مکمل ہونے کے بعد ہندوستان مسلسل اسکی حوالگی کیلئے مطالبہ کر رہا تھا تاہم ہائیکورٹ میں اس نے سیاسی پناہ کی درخواست دائر کی تھی جس کے نتیجہ میں حوالگی ممکن نہیں ہوسکی ۔ ہائیکورٹ نے حکام کو ہدایت دی تھی کہ چیتیا کو محفوظ تحویل میں رکھا جائے ۔ بنگلہ دیش میڈیا اپنے وزیر داخلہ اسدالزماں خاں کمل کے حوالے سے بتایا کہ بنگلہ دیش بارڈر گارڈ نے چیتیا کو بی ایس ایف کے حوالے کیا جبکہ اس کی جیل کی سزا ختم ہوگئی تھی ۔ خود چیتیا نے اپنی سیاسی پناہ کی درخواست سے بھی دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ چیتیا کا وزیر موصوف نے یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے ہندوستان واپس جا رہا ہے اور اس نے یہ فیصلہ پورے ہوش و حواس میں کیا ہے ۔ بنگلہ دیش سے حوالگی کے بعد سی بی آئی نے اسے باضابطہ گرفتار کرلیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT