Wednesday , May 23 2018
Home / شہر کی خبریں / انٹرمیڈیٹ امتحان آج برقرار، امیدواروں کی آمد میں رعایت

انٹرمیڈیٹ امتحان آج برقرار، امیدواروں کی آمد میں رعایت

تلنگانہ بند کو ملتوی کرنے ایم آر پی ایس پر ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کا زور

حیدرآباد 11 مارچ (این ایس ایس) صاف طور پر یہ کہتے ہوئے کہ انٹرمیڈیٹ امتحان 13 مارچ کو کسی بھی حالت میں ملتوی نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے جو وزیر تعلیم کا قلمدان رکھتے ہیں، آج مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی (ایم آر پی ایس) سے اپیل کی کہ وہ طلبہ کے مفاد کے پیش نظر 13 مارچ کو بند کی اپیل ملتوی کریں۔ آج یہاں بنجارہ ہلز میں منسٹرس کوارٹرس میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ایم آر پی ایس کا 13 مارچ کو بند کی اپیل کرنا مناسب نہیں ہے اور 13 مارچ کو سال اول کیمسٹری اور کامرس امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اچھی طرح تیاری کریں کیوں کہ حکومت نے تمام انتظامات کئے ہیں اور امتحان اسی روز منعقد ہوگا۔ یہ کہتے ہوئے کہ 13 مارچ کو انٹرمیڈیٹ امتحانات کو ملتوی کرنا ممکن نہیں ہے۔ سری ہری نے اس بات کا اعادہ کیاکہ ٹی آر ایس حکومت شیڈولڈ کاسٹس کی زمرہ بندی کے لئے پابند عہد ہے۔ انھوں نے کہاکہ بند کی وجہ تلنگانہ کے طلبہ کو نقصان ہوگا۔ سری ہری نے کہاکہ ایم آر پی ایس اور بند کی اپیل کی تائید و حمایت کرنے والی دیگر سیاسی جماعتوں کو طلبہ کے مستقبل کو اور امتحانات کے شیڈول کو ملحوظ رکھنا ہوگا اور ان کے فیصلہ پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ سیاست کو امتحانات پر اثرانداز ہونے نہیں دیا جائے گا جس کی وجہ طلبہ اور ان کے والدین میں بے چینی اور اضطراب پیدا ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ 13 مارچ کو کیمسٹری اور کامرس امتحانات کے لئے کوئی پانچ لاکھ طلبہ شرکت کرنے والے ہیں اور اسے اُگادی اور سری رام نومی فیسٹیولس کی وجہ ملتوی نہیں کیا جاسکا۔ ان امتحانات کو اپریل تک کیلئے بھی ملتوی نہیں کیا جاسکتا ہے۔ کیوں کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان 15 اپریل تک ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ نتائج کے اعلان میں تاخیر سے طلبہ کو قومی سطح کے مسابقتی امتحانات میں شرکت کے موقع سے محروم کرنے کے مترادف ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ بند کی اپیل سے طلبہ اور اولیائے طلبہ دباؤ کا شکار ہیں۔ بند کی اپیل کے تناظر میں امتحان میں اس دن ایک منٹ تاخیر کے قاعدہ میں نرمی دی جائے گی۔ انھوں نے طلبہ سے کہاکہ وہ اس بند کی اپیل سے پریشان نہ ہوں بلکہ امتحان کی تیاری پر توجہ دیں۔

TOPPOPULARRECENT