Monday , February 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان کو مسلسل تیسری شکست

انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان کو مسلسل تیسری شکست

میلبورن 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کی4 ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 گولز سے ہرا کر کامیابی حاصل کی، یہ گرین شرٹس کی ایونٹ میں متواتر تیسری شکست ہے، اس سے قبل پاکستان کو پہلے میچ میں آسٹریلیا اور دوسرے میچ میں جاپان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہفتے کو میلبورن اسٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے آخری میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے گرین شرٹس کا ساتھ نہ دیا اور بلیک کیپس نے گرین شرٹس کو 3-2 گولز سے ہرا کر کامیابی حاصل کی، اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا، میچ کے چھٹے منٹ میں پاکستان کے عمربھٹہ نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، 18 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے ہیڈن فلپس نے گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا جو پہلے ہاف تک برقرار رہا، دوسرے ہاف کے 35ویں منٹ میں پاکستان کے عماد بٹ نے گول کر کے ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلائی تاہم 3 منٹس بعد ہی بلیک کیپس کے جارج موئر نے گول کر کے مقابلہ دوبارہ برابر کر دیا، میچ ختم ہونے سے 3 منٹس قبل نیوزی لینڈ کے مارکس چائلڈ نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے 3-2 گولز سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسی روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے جاپان کو 6-1 گولز سے ہرا کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کی، بلیک گوورز نے 2 جبکہ ڈینئل، جریمی ہیورڈ، جوش پولارڈ اور ٹام ویکھم نے ایک، ایک گول کیا۔ انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول کا فائنل آج میلبورن اسٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں کھیلا جائے گا، میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں آمنے سامنے ہوں گی، میزبان ٹیم مسلسل3 میچز جیت کر ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، نیوزی لینڈ اور جاپان کے پوائنٹس برابر ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT