Friday , December 15 2017
Home / ہندوستان / انٹر اسٹیٹ کونسل کی آج وزیراعظم کی زیرصدارت میٹنگ

انٹر اسٹیٹ کونسل کی آج وزیراعظم کی زیرصدارت میٹنگ

نئی دہلی ، 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انٹراسٹیٹ کونسل کی میٹنگ جسے وزیراعظم نریندر مودی نے طلب کیا ہے، کل منعقد ہوگی جہاں داخلی سلامتی، معاشی اور سماجی منصوبہ بندی اور بین ریاستی تعلقات کے بشمول دیگر مسائل پر غوروخوض کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں تمام چیف منسٹروں کی شرکت متوقع ہے۔ 10 سال کے وقفے بعد طلب کردہ انٹراسٹیٹ کونسل میٹنگ میں وزیراعظم مودی دو سال قبل جائزہ لینے کے بعد سے پہلی مرتبہ 17 مرکزی وزراء کو ساتھ لے کر تمام وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ایک پلیٹ فام پر دکھائی دیں گے۔ انٹر اسٹیٹ کونسل کی آخری میٹنگ 2006ء میں منعقد کی گئی تھی۔ یو پی اے حکومت نے اپنی 10 سالہ حکمرانی میں صرف دو اجلاس طلب کئے تھے۔
راجناتھ نے داخلی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا
نئی دہلی ، 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جموں و کشمیر میں جاری افراتفری کے تناظر میں آج ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتے میں پیش آئے پُرتشدد احتجاجوں میں کم از کم 36 جانیں تلف ہوئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ لگ بھگ گھنٹہ طویل میٹنگ کے دوران اعلیٰ سکیورٹی عہدیداروں نے وزیر داخلہ کو ملک میں جاری صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی، بالخصوص وادیٔ کشمیر کے تعلق سے واقف کرایا، جو حزب المجاہدین عسکریت پسند برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کافی متاثر ہوا ہے۔

TOPPOPULARRECENT