Wednesday , September 26 2018
Home / شہر کی خبریں / انٹر میڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا 14 مئی سے آغاز

انٹر میڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا 14 مئی سے آغاز

نقل نویسی کے خلاف سخت گیر انتظامات ، سکریٹری انٹر بورڈ ڈاکٹر کے اشوک کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔11مئی(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا 14مئی سے آغاز ہوگا اور 22مئی تک جاری رہیں گے۔امتحانات کے دوران مراکز میں کوئی الکٹرانک اشیاء لے جانے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ ڈاکٹر اے اشوک سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے آج پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی۔ اور بتایا کہ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں جملہ 4لاکھ 20 ہزار 549 امیدوار حصہ لیں گے جن میں 1لاکھ 25ہزار 960 امیدواروں نے بہتر نشانات کے حصول کیلئے امتحانات تحریر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 1لاکھ 42 ہزار 793 ناکام ہونے والے انٹرمیڈیٹ امیدوار ہیں جو امتحان تحریر کریں گے ۔ ڈاکٹر اے اشوک نے بتایا کہ سال اول میں جملہ 2لاکھ 68ہزار 753 امیدوار شرکت کریں گے جبکہ سال دوم کے 1لاکھ 42ہزار 793 امیدوار شرکت کریں گے۔ سیکریٹری بورڈ نے بتایا کہ 14 مئی سے شروع ہونے والے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے دوران یومیہ دو پرچہ جات منعقد ہوں گے جن کے اوقات کار صبح 9بجے تا12بجے اور دوپہر 2:30 بجے تا شام 5:30 بجے منعقد ہوں گے۔صبح سال اول کے امیدواروں کا امتحان ہوگا جبکہ دوپہر میں سال دوم کے امیدواروں کے امتحانات منعقد ہوں گے۔ڈاکٹر اے اشوک نے امیدواروں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ سال اول (جنرل)میں جملہ 2لاکھ 56ہزار 46 امیدوار شرکت کریں گے جن میں 1لاکھ 36ہزار 93لڑکے اور 1 لاکھ 19ہزار 953لڑکیاں شامل ہیں جبکہ ووکیشنل میں 12ہزار 707 امیدوار ہیں جن میں 8566لڑکے اور 4141لڑکیاں شامل ہیں۔ سال دوم میں 1لاکھ 41ہزار 905 امیدواروں میں 85ہزار 519 لڑکے اور 56ہزار 386 لڑکیاں شامل ہیں جو امتحان تحریر کریں گے۔ ڈاکٹر اے اشوک نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میںبورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ریاست بھر میں جملہ 819امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں اور ان تمام مراکز پر چیف سپریٹنڈینٹ‘ محکمہ جاتی عہدیدار کا تقرر عمل میں لایا جاچکا ہے۔ امتحان کی نگرانی کیلئے 8 ہزار 420 ممتحن کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ 819 امتحانی مراکز میں 375مراکز سرکاری اداروں میں قائم کئے گئے ہیں جبکہ 444 امتحانی مراکز خانگی کالجس میں قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کی نگرانی میں امتحانی پرچہ ٔ جات کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے اور امتحانات کے دوران نقل نویسی کو روکنے کیلئے سخت گیر اقدامات کئے جا رہے ہیں تمام امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144نافذ رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ اور کالجس کی سہولت کے لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے 24X7 کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے فون نمبرات 24601010 اور 24732369 ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT