Monday , July 16 2018
Home / Top Stories / انڈر 19 عالمی کپ فاتح ٹیم کی واپسی، ممبئی ایرپورٹ پر استقبال

انڈر 19 عالمی کپ فاتح ٹیم کی واپسی، ممبئی ایرپورٹ پر استقبال

ٹیم کا میڈیا کانفرنس سے خطاب ، کوچ راہول ڈراویڈ نے کھلاڑیوں کی تعریف کے پل باندھے

نئی دہلی 5 فروری (سیاست نیوز) انڈر 19 کی ورلڈ کپ کی فاتح ہندوستانی ٹیم کی کپ کے ساتھ واپسی پر ممبئی ایرپورٹ پر پرجوش استقبال کیا گیا۔ ممبئی ایرپورٹ پہونچنے کے بعد ٹرافی جیتنے والی ٹیم نے اپنی خوشیوں کو ملک کے عوام سے بانٹنے کے لئے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیم کے کوچ راہول ڈراویڈ نے کہاکہ یہ ہندوستانی نوجوان ستارے اپنے وقت سے پہلے ہی پختگی کی عمرکو عبور کرچکے ہیں۔ اُنھوں نے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اِن کھلاڑیوں نے فائنل جیت کر جن تجربات کو حاصل کیا ہے وہ اُن کی پوری زندگی میں کام آئے گا۔ لاتعداد ناظرین کے سامنے ایک ایسا میچ کھیلنا جو راست طور پر نشر ہورہا ہے واقعی میں ایک اچھا تجربہ ہے۔ اپنی کامیابیوں کے بعد میڈیا سے خطاب کرنا واقعی ان کھلاڑیوں کے لئے فخر کی بات ہے لیکن ان کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے اور وہ یہ ہے کہ یہ اپنی صلاحیت کے جوہر دکھاتے ہوئے قومی ٹیم میں جگہ بنائیں۔ انھوں نے کہاکہ یہی بات انھوں نے 2012 ء کی فاتح ٹیم سے بھی کہی تھی لیکن ان میں سے صرف ایک یا دو کھلاڑی ہی قومی ٹیم کے لئے چند میچ کھیل سکے۔ لہذا ان ستاروں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی محنت کو جاری رکھیں اور ہندوستان سے کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کریں۔ فاتح ٹیم کے کپتان پرتھوی شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرے پاس اِن خوشی کے لمحات کو ظاہر کرنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔ میں جو خوشی محسوس کررہا ہوں اُس کی مناسبت سے اپنے تمام چاہنے والے اور خاص کر مجھ پر اور ٹیم پر بھروسہ کرنے والے عوام کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔ اُنھوں نے پورے ٹورنمنٹ میں اپنے تجربات کو میڈیا نمائندوں کو بتاتے ہوئے کہاکہ دوسری سرزمین پر جاکر ہماری ٹیم نے جس طرح سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے وہ واقعی میں قابل تعریف ہے۔ ہم اور ہماری ٹیم کے ساتھیوں نے اس ٹرافی کو جیتنے کے لئے جس لگن اور محنت کا مظاہرہ کیا آنے والے دنوں میں وہ محنت ہمارے کام آئے گی۔ اگر قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا تو ہم اپنی صلاحیت کے جوہر دکھائیں گے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں منعقدہ عالمی کپ جیت کر ہندوستانی ٹیم نے ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ کپ جیتنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ ہندوستان کا یہ چوتھا عالمی چمپئن ٹرافی ہے۔

TOPPOPULARRECENT