Monday , January 22 2018
Home / دنیا / انڈونیشیا کے آتش فشاں پہاڑ سینابنگ سے لاوے کا اخراج‘ 25ہزار افراد فرار

انڈونیشیا کے آتش فشاں پہاڑ سینابنگ سے لاوے کا اخراج‘ 25ہزار افراد فرار

جکارتا۔12جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) انڈونیشیا کے مغربی جزیرہ سوماٹرا میں آتش فشاں پہاڑ ماؤنٹ سینا بنگ سے وقفہ وقفہ سے لاوے اور گرم پتھروں کے اخراج کی وجہ سے جو فضاء میں پانچ ہزار میٹر کی بلندی تک پہنچ رہے تھے کم ازکم 25ہزار افراد اپنے گھر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ قومی آفات سماوی انتظامیہ محکمہ کے ہنگامی ردعمل ڈائرکٹر ری بڈیارتو نے کہا کہ لاوا اور گرم پتھر کئی بار فضاء میں پانچ ہزارمیٹر کی بلندی تک پہنچ کر نشیبی علاقوں تک بہنے لگے ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال 25,516 افراد نے اپنے گھر خالی کر کے راہ فرار اختیار کی ہے ۔ اب آتش فشاں پہاڑ کے دہانے سے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں کوئی بھی انسان موجود نہیں ہے ۔ یہاں مقیم تمام افراد پہاڑ کے داہنے سے جنوب مشرق میں تقریباً 7کلومیٹر کے فاصلے پر منتقل ہوگئے ہیں ۔ یہ لاوا گذشتہ دو ہفتہ سے آتش فشاں کے داہنے سے خارج ہورہا ہے اور قریبی دریا میں شامل ہورہا ہے جس کی وجہ سے پوری وادی لاوے سے بھرگئی ہے ۔

بم کی اطلاع پر ترکی کے طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ
کاسابلانکا۔ /12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ترکی ایرلائین کے طیارے نے جو برازیل جارہا تھا بم دھماکے کی دھمکی کی بناء مراقش میں ایمرجنسی لینڈنگ کی ۔ ایرلائینس کے عہدیدار نے بتایا کہ استنبول سے پرواز کے بعد یہ طیارہ کاسابلانکا ایرپورٹ پر اترا ۔ طیارہ کی سکیورٹی چیکنگ کی گئی ۔ انہوں نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ جیسے ہی جانچ پڑتال کا کام مکمل ہوگا طیارہ ساوپالو کیلئے روانہ ہوجائے گا ۔ کاسابلانکا جو مراقش کا سب سے بڑا شہر ہے یہاں کے ایرپورٹ عہدیدار نے طیارے کے لینڈنگ کی توثیق کی اور بتایا کہ ابتداء میں یہ سمجھا گیا تھا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے طیارہ نے لینڈنگ کی لیکن بعد میں یہ خبر ملی کہ کسی نے طیارہ میں بم ہونے کی اطلاع دی ۔ مراقش میں میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین اس طیارہ کی تلاش لے رہے ہیں جس میں 229 مسافرین سوار تھے ۔

TOPPOPULARRECENT