Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈو۔ پاک سیریز ٹسٹ کرکٹ کیلئے فائدہ مند : آئی سی سی

انڈو۔ پاک سیریز ٹسٹ کرکٹ کیلئے فائدہ مند : آئی سی سی

دبئی ، 10 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹسٹ کرکٹ کی دن بدن گھٹتی مقبولیت سے پریشان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھیل کے سب روایتی اور پرانے فارمٹ کی مقبولیت میں اضافے کیلئے ہندوستان اور پاکستان کی سیریز سے امیدیں لگائی ہیں۔ آئی سی سی کے چیف اگزیکٹیو ڈیوو رچرڈسن نے ہندوستانی اخبار ’دی ہندو‘ کو انٹرویو میں اعتراف کیا کہ انڈو۔پاک سیریز سے ٹسٹ کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ڈسمبر میں طئے شدہ باہمی سیریز اس وقت مشکلات سے دوچار ہے جہاں ہندوستانی بورڈ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی کشیدگی کو بنیاد بنا کر سیریز کھیلنے سے پس و پیش کر رہا ہے۔ گزشتہ سال دونوں ملکوں کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت دونوں کو 2023ء تک چھ سیریز کھیلنا ہیں جن میں سے چار کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ اس معاہدے کے تحت ڈسمبر میں ہندوستان کو پاکستان کی میزبانی میں سیریز کھیلنا ہے۔ تاہم ہندوستانی بورڈ نے ابھی تک سیریز کھیلنے سے باقاعدہ انکار تو نہیں کیا لیکن وہ سیاسی کشیدگی کو بنیاد بنا کر سیریز نہ کھیلنے کا خواہاں نظر آتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان 2007ء کی سیریز کے بعد سے کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جا سکی ، یعنی دونوں ملکوں کے درمیان آٹھ سال میں ایک بھی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔ رچرڈسن نے کہا کہ ایک مرتبہ اگر دونوں فریقین سکیورٹی اور حفاظتی معاملات پر مطمئن ہو جاتے ہیں تو ہند۔پاک سیریز کی بحالی سے سے بلاشبہ ٹسٹ کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں کھیل کی عظیم مسابقت پائی جاتی ہے اور یہ سیریز سے مالی منفعت ہونے کے ساتھ ساتھ کھیل کی عالمی تشہیر بھی ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT