Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / انڈو عرب لیگ کا یوم اظہار یگانگت فلسطین

انڈو عرب لیگ کا یوم اظہار یگانگت فلسطین

29 اکٹوبر کو مقرر ، لیگ کی تاسیس کی تیاریاں ، جناب سید وقار الدین قادری و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔25اکٹوبر۔(سیاست نیوز) انڈوعرب لیگ کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر منعقد شدنی تقر یب سے واقف کرواتے ہوئے چیرمن لیگ جناب سید وقار الدین نے کہاکہ 29اکٹوبر کے روز تاج کرشنا ہوٹل میں یوم اظہار یگانگت برائے فلسطین منایاجائے گا جس میںفلسطین سپریم کورٹ کے جج ومشیر برائے صدر فلسطین جناب محمد الحباش مہمان ِخصوصی کے طور پر شرکت کریں گے اس کے علاوہ مسٹر عدنان ابو الہائجہ (فلسطین)، مسٹر حسن الجوارنح (اردن)، مسٹر سراج الدین حامد یوسف (سوڈان) عبدالملک عبداللہ الیریانی (یمن)، مسٹر فخری حسن مہدی العیسیٰ (عراق)، ڈاکٹر ریاض کامل عباس (شام)، غسان عبدالخالق (لبنان) کے علاوہ تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، وزیر زراعت پی سرینواس ریڈی، مسٹر بنڈارو دتاتریہ ایم پی، مسٹر کے کیشو رائو ٹی آر ایس پارلیمنٹری پارٹی لیڈر، قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل جناب محمد علی شبیر، مسٹر اُتم کمار ریڈی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی، مسٹر سدھار ریڈی سکریٹری جنرل سی پی آئی یا پھر مسٹر ڈی راجہ بھی اس تقریب میںشریک ہونگے۔جناب سید وقار الدین نے آج یہاں میڈیا پلس آڈیٹوریم گن فاونڈری میں انڈو عرب لیگ کے زیراہتمام منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ کے علاوہ جناب اکبر علی خان اور جناب اسد امیرالدین ( کینڈا) نے بھی مخاطب کیا ۔جناب سید وقارالدین نے بتایا کہ 60کروڑ کی لاگت سے بنجارہ ہلز کے مقام پر انڈو عرب لیگ کلچرل سنٹر کا قیام عمل میںلایاجارہا ہے۔ انہو ںنے کہاکہ اس کام کے لئے ہم نے کسی سے کوئی مالی مدد حاصل نہیں کی ہے اور مستقبل میںبھی ایسا نہیںکریں گے۔ انڈو عرب لیگ کی نگرانی میں ایک اسپتال او ریونیورسٹی قائم کرنے کا بھی منصوبہ تیار کیاجارہا ہے ۔مجوزہ کلچرل سنٹر میں بلامعاوضہ فلسطین کے سفارت خانہ قائم کرنے کے لئے بھی پیش کش ہم نے کی ہے۔جناب سید وقار الدین نے کہاکہ فلسطین کے صدر جناب محمود عباس عنقریب انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کر کے حیدرآباد تشریف لائیںگے۔ انڈوعرب کلچرل سنٹر کا معائنہ کریںگے جہاں ایک ہال ارض فلسطین کی بازیابی کے لئے جاں نثار کرنے والے شہیدوں کے نام موسوم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈوعرب لیگ حیدرآباد، انڈوفلسطین یونیورسٹی کے قیام کے لئے کوشاں ہیں تاکہ فلسطینی طلبہ کو بہتر سے بہتر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے وفود کے باہمی تبادلوں کو قطعیت دی جارہی ہے اس سلسلہ کی کڑی کے طور پر صحافیوں کا ایک وفد عنقریب فلسطین کا دورہ کرے گا۔ جناب عزیز پاشاہ نے فلسطین پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل میںجاری قومی تہوار کے پیش نظر فلسطین کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور اگلے دس دنوں تک فلسطینی لوگ اپنی ہی زمین پر کھلی جیل کی طرح زندگی گذارنے پر مجبور ہوجائیںگے۔ جنا ب سیدعزیز پاشاہ نے فلسطینی کاز کے لئے جناب سید وقار الدین کے پچاس سالہ خدمات کی ستائش بھی کی۔

TOPPOPULARRECENT