Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا اے کے خلاف بنگلہ دیش اے کی سنسنی خیز کامیابی

انڈیا اے کے خلاف بنگلہ دیش اے کی سنسنی خیز کامیابی

ناصرحسین کا جارحانہ آل راؤنڈ مظاہرہ ، 102 رن ناٹ آؤٹ اور پانچ وکٹس

بنگلور ۔ 18 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ناصر حسین نے اپنی ناٹ آؤٹ سنچری اور پانچ وکٹس کے حصول کے ساتھ مثالی آل راؤنڈ مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش اے کو انڈیا اے کے خلاف 65 رنز سے کامیابی کو یقینی بنایا جس کے ساتھ ہی مہمان نے آج انڈیا اے کے خلاف تین میچوں پر مشتمل غیرسرکاری ونڈے انٹرنیشنل سیریز کو 1-1 سے مساوی کرلیا۔ مومن الحق کی قیادت میں بنگلہ دیشی ٹیم نے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبانوں کے خلاف اپنی ناکامیوں کو دور کرتے ہوئے بھرپور توانائی کے ساتھ شاندار مظاہرہ کیا اور کھیل میں واپس آگئی ۔ بنگلہ دیش اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹ کے نقصان سے 252 رنز بنائے اور انڈیا اے کو 42.2 اوورس میں 187 پر آؤٹ کردیا ۔ مہمانوں نے پہلے بیٹنگ کی  اور ابتداء میں چند اہم وکٹس سے محروم ہوگئی لیکن ناصر حسین نے 96 گیندوں کاسامنا کرتے ہوئے 102 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اس طرح انھوں نے اپنی ٹیم کو 50 اوورس میں ایک مضبوط اسکور پر پہونچنے میں مدد کی ۔

ناصر حسین اور لٹن داس (45) کے مابین چھٹویں وکٹ کی ساجھیداری میں بنائے گئے 70 رنوں نے میزبانوں کی اننگز کو ناقابل تسخیر مقام پر پہونچادیا۔ سومیا سرکار (24) ، انعام الحق (34) اور عرفات سنی (17) نے بھی بنگلہ دیش کے اسکور میں اضافہ کیا۔ میڈیم پیسر رشی دھون کو تین اور لگ اسپنر کرن شرما کو دو وکٹس حاصل ہوئے ۔ انمکٹ چند کی قیادت میں انڈیا اے ٹیم کامیابی کیلئے مقررہ ہدف کا تعاقب نہیں کرسکی کیونکہ ٹاپ آرڈر بیٹسمین نہ صرف ایک اچھی شروعات میں ناکام ہوگئے بلکہ ناصر حسین کی آف اسپین گیندوں کے آگے ڈھیر ہوگئے ۔ میڈیم پیسر روبل حسین کو 33 رن کے عوض چار وکٹس حاصل ہوئے ۔ انمکٹ چند 56 رنز بناتے ہوئے اپنی ٹیم میں سب سے زیادہ انفرادی رن بنانے والے بیٹسمین رہے ۔ ناصر حسین نے 36 رنز دیکر پانچ وکٹ حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی ٹاپ آرڈر کو ڈھیر کردیا او ر لٹن داس نے پانچ کیچ لیتے ہوئے ناصر حسین کی بھرپور مدد کی ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل اچھی پریکٹیس کے خواہاں سریش رائنا کو لگاتار دوسری مرتبہ بھی ناصر حسین نے آؤٹ کردیا اور اس مرتبہ رائنا صرف 17 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ گزشتہ میچ میں وہ صرف 16 رنز بناسکے تھے ۔ انڈیا اے کے مڈل آرڈر اور لوور آرڈر بیٹسمین بھی کھیل کو نہیں سنبھال سکے اور ایک کے بعد دیگر تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئے۔ ناصر نے ہندوستانی بیٹسمین کو پریشان کیا تو روبل نے انھیں سنبھلنے ہی نہیں دیا۔ سنجیو سیامسن اور رمیش دھون صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے حالانکہ ان دونوں کھلاڑیوں نے پہلے مقابلہ میں اپنی ٹیم کی کامیابی میں غیرمعمولی کردار نبھایا تھا ۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان 20 ستمبر کو اسی مقام پر تیسرا اور فائنل میچ کھیلا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT