Monday , July 23 2018
Home / شہر کی خبریں / انڈیا ٹوڈے کانکلیو میں چیف منسٹر کے سی آر کی جھوٹ بیانی

انڈیا ٹوڈے کانکلیو میں چیف منسٹر کے سی آر کی جھوٹ بیانی

وزراء کو لوک پال کے دائرے میں شامل کرنے کا مطالبہ ، ترجمان تلنگانہ پی سی سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے بدعنوانیوں کے معاملے میں انڈیا ٹو ڈے کانکلیو میں جھوٹ بولنے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کرتے ہوئے وزراء کو لوک پال کے دائرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان اعلیٰ ڈی شرون نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے پھر ایکبار قومی ٹیلی ویژن کے انٹرویو میں تلنگانہ کے ساتھ ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹی آر ایس کا دور حکومت بدعنوانیوں سے پاک ہے تو چیف منسٹر تلنگانہ وزراء کو کرناٹک کی طرز پر لوک پال بل کے دائرے میں شامل کرنے کی جرات کیوں نہیں کر پارہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے اپنے انٹرویو میں تمام سوالات کو ٹالنے کی کوشش کی ہے ۔ تلنگانہ تحریک کو سبوتاج کرنے کی کوشش کرنے والے آندھرا کے تمام سرمایہ دار آج چیف منسٹر کے اردگرد منڈلا رہے ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد آندھرا کے عام افراد منتقل ہوگئے تاہم فلم اسٹار ناگرجنا ، وینکٹیش اور موہن بابو وغیرہ چیف منسٹر کے سی آر کو تہنیت پیش کررہے ہیں ۔ ڈی شرون نے کہا کہ حیدراباد کو ملک کا دوسرا صدر مقام بنانے کی مباحث شروع کرنے کا مطالبہ کرنا چیف منسٹر کو زیب نہیں دیتا کیوں کہ جب علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک کے دوران یہ مسئلہ موضوع بحث بنا تھا ۔ اس وقت کے سی آر نے اس کی بھر پور مخالفت کی تھی ۔ ترقی میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست ہونے کے دعویٰ کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی خود کشی کے معاملے میں بھی تلنگانہ سرفہرست ہے مگر کے سی آر اس کا تذکرہ کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا یہاں تک کہ بھیڑ بکریوں کی خریدی میں بھی بدعنوانیاں ہوئی ہیں ۔ ایک ڈپٹی چیف منسٹر پر بدعنوانیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں وزارت سے بیدخل کردیا گیا ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات میں بھی بڑے پیمانے کی لوٹ کھسوٹ ہورہی ہے ۔ ٹی آر ایس کا ایک بھی انتخابی وعدہ پورا نہیں ہوا ہے ۔ مگر حیرت اس بات کی ہے کہ چیف منسٹر اپنی شاباشی خود کرتے ہوئے اپنی پیٹھ تھپتھپا رہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT