Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا ۔ انگلینڈ سیریز میں ڈی آر ایس لاگو ہوگا

انڈیا ۔ انگلینڈ سیریز میں ڈی آر ایس لاگو ہوگا

راجکوٹ ٹسٹ سے شروعات ۔ انگلش ٹیم نے برابورن اسٹیڈیم میں پہلا مکمل نٹ سیشن منعقد کیا

راجکوٹ ؍ ممبئی ، 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امپائر کے فیصلہ پر نظرثانی کا نظام (ڈی آر ایس) جس کی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) طویل عرصہ سے مخالفت کرتا آیا ہے، بطور آزمائش پہلی مرتبہ یہاں لاگو کیا جائے گا جب بھارت آنے والے ہفتے میں انگلینڈ کے خلاف اوپننگ ٹسٹ کھیلے گا۔ پانچ میچ کی سیریز کا پہلا ٹسٹ 9 نومبر کو شروع ہورہا ہے اور سوراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن اس کی میزبانی ایس سی اے اسٹیڈیم کھندھیری میں کررہی ہے۔ ایس سی اے نے صحافتی بیان میں آنرری سکریٹری نرنجن شاہ کے حوالے سے کہا کہ ’’ڈسیشن ریویوو سسٹم (DRS) پر راجکوٹ کے ٹسٹ میچ میں عمل درآمد ہوگا۔ ایس سی اے میڈیا منیجر ہیمانشو شاہ نے کہا کہ ٹیم انڈیا کی یہاں کل ہفتہ کو آمد ہورہی ہے جبکہ اگلے روز دورہ کنندگان کی اس شہر میں آمد متوقع ہے۔ دریں اثناء انگلینڈ کے کرکٹرز نے ممکنہ طور پر سخت ٹسٹ سیریز کیلئے خود کو تیار کرنے کی خاطر ممبئی کے برابورن اسٹیڈیم میں اپنا پہلا مکمل نٹ سیشن منعقد کیا جبکہ وہ دو روز قبل بنگلہ دیش سے ممبئی پہنچے تھے۔ طویل ٹریننگ اور نٹ پریکٹس سیشن لگ بھگ چار گھنٹے چلا، جس میں اسکواڈ کے تمام 16 ممبرز نے حصہ لیا۔ ویسے یہ سیشن ’’اختیاری‘‘ نوعیت کا تھا۔ انگلش ٹیم کے ذرائع نے کہا کہ اس سیشن کو کھلاڑیوں کیلئے اختیاری قرار دیا گیا تھا، کیونکہ ڈھاکہ میں ٹسٹ جلد ختم ہوگیا (انگلینڈ کو تین یوم میں شکست ہوئی)، تمام ارکان ٹیم کو سنبھلنے معقول وقت مل گیا۔ ابتدائی طور پر صرف چند ممبرز بشمول کیپٹن السٹیر کک آج کے سیشن میں حصہ لینے والے تھے، جس کے بعد کل ہفتہ کو مکمل سیشن طے کیا گیا تھا، جس کے بعد ٹیم راجکوٹ کیلئے روانہ ہوگی۔ انگلینڈ ٹیم کے ذرائع نے بتایا کہ اسکواڈ اتوار کو روانہ ہوگا۔ ’’ہم کل یہاں ایک اور مکمل سیشن منعقد کریں گے۔‘‘ انگلینڈ کو راجکوٹ میں بھی جہاں بالکلیہ پہلی مرتبہ ٹسٹ کرکٹ میچ ہونے جارہا ہے، مکمل دو یوم پریکٹس کا موقع بھی دستیاب ہوگا۔
انگلینڈ کو پریشانی ہوگی، جانٹی کا تاثر
اس دوران سابق جنوبی افریقی بیٹسمن جانٹی روڈز جنھوں نے انڈیا میں کرکٹر اور کوچ دونوں حیثیت سے بہت وقت گزارا ہے، اُن کا ماننا ہے کہ انگلینڈ کو آنے والی ٹسٹ سیریز کے دوران بھارتی حالات سے نمٹنے میں مشکل پیش آئے گی۔ روڈز طویل عرصے سے آئی پی ایل ٹیم ممبئی انڈینس کے فیلڈنگ کوچ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ انگلینڈ کیلئے مشکل ٹور ہوگا۔ ہندوستان میں پانچ ٹسٹ کی سیریز بلاشبہ کٹھن ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT