Monday , February 19 2018
Home / شہر کی خبریں / انڈیگو ایرلائنس کے خاطی ملازمین معطل

انڈیگو ایرلائنس کے خاطی ملازمین معطل

مسافر کے ساتھ بدسلوکی کا شاخسانہ ، خانگی ایر لائنس ملازمین کو تربیت کی ضرورت
حیدرآباد۔8نومبر(سیاست نیوز) فضائی مسافر کے ساتھ دہلی ائیرپورٹ پر کی گئی ہاتھا پائی کے واقعہ میں ملوث انڈیگو ائیر لائنس کے ملازمین کو انڈیگو نے معطل کردیا۔ 3 ہفتہ قبل دہلی ائیرپورٹ پر اترنے کے بعد ٹرمنل لیجانے والی بس میں سوار ہونے کیلئے آگے بڑھنے والے مسافر مسٹر کتیال کو انڈیگو کے عملہ کی جانب سے کی گئی دھکم پیل اور پھر مارپیٹ کے ویڈیو کے گذشتہ یوم منظر عام پر آنے کے بعد انڈیگو صدر آدتیہ گھوش نے مسافر سے راست رابطہ قائم کرتے ہوئے ان سے معذرت خواہی کی اور عملہ کے خلاف کاروائی کا تیقن دیا اور آج ان ملازمین کی برطرفی کا اعلان کردیا گیا۔ انڈیگو کی پرواز 6E-487 کے مسافر کے ساتھ پیش آئے اس واقعہ کا ویڈیو گذشتہ یوم منظر عام پر آیا جس میں انڈیگو ائیر لائنس کا عملہ مسافر کے ساتھ انتہائی بدتمیزی سے گفتگو کر رہا تھا لیکن اس کے فوری بعد عملہ نے مسافر پر حملہ کردیا اور مسافر کتیال کو زمین پر گرا دیا ۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد مسٹر آدتیہ گھوش صدر انڈیگو ائیرلائنس نے بیان جاری کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مسافرین کے ساتھ اس طرح کا رویہ انڈیگو کی تہذیب نہیں ہے اسی لئے وہ اپنے تمام مسافرین سے معذرت خواہ ہیں ۔ انہوں نے انڈیگو عملہ کے حملہ کا شکار مسافر سے شخصی طور پر بات چیت کرتے ہوئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور معذرت خواہی کی۔ دہلی ائیرپورٹ پر پیش آئے اس واقعہ کی ویڈیو جو کسی دوسرے مسافر کی جانب سے 3ہفتہ قبل لی گئی تھی 7نومبر کو وائرل ہوگئی اور اس کے فوری بعد یہ ویڈیو سب کی توجہ کا مرکز بنتی چلی گئی ابتداء میں انڈیگو نے ٹوئیٹر کے ذریعہ معذرت خواہی کی لیکن یہ مسئلہ قومی سطح پر موضوع بحث بن گیا کیونکہ چندماہ قبل ہی حکومت نے شہری ہوابازی کے قوانین میں ترمیم اور عملہ سے بدتمیزی کرنے والے مسافرین پر سفری پابندی عائد کرنے کے سلسلہ میں سفارشات کی تھیں اور انہیں منظور بھی کیا جا چکا ہے ۔ عام طورپر اہم شخصیات کی جانب سے ائیر پورٹ اور ائیرلائنس کے عملہ کے ساتھ بدتمیزی کے واقعات منظر عام پر آتے ہیں لیکن انڈیگو ائیر لائنس کے عملہ کی جانب سے ائیر پورٹ کے اندرونی حصہ میں اس طرح کی حرکت سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ائیر لائنس عملہ کو مکمل چھوٹ حاصل ہوچکی ہے اور وہ جس مسافر کو چاہیں نشانہ بنا سکتے ہیں اور انہیں ہراساں کرسکتے ہیں۔ خانگی ائیر لائنس کے عملہ کو مسافرین سے بہتر سلوک کرنے کی تربیت فراہم کیا جانا ضروری ہے۔

TOPPOPULARRECENT