Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / انکاونٹر واقعہ کی ایس آئی ٹی سے تحقیقات ، مگرمچھ کے آنسو کے مترادف

انکاونٹر واقعہ کی ایس آئی ٹی سے تحقیقات ، مگرمچھ کے آنسو کے مترادف

سی بی آئی سے تحقیقات کا پر زور مطالبہ ، محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ کونسل کا بیان

سی بی آئی سے تحقیقات کا پر زور مطالبہ ، محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ کونسل کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے آلیر انکاونٹر کی ’ ایس آئی ٹی ‘ کے ذریعہ تحقیقات کرانے کے فیصلے کو مگرمچھ کے آنسو قرار دیا ۔ پانچ زیر دریافت مسلم قیدیوں پر کی گئی فائرنگ کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 8 اپریل کو اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے آلیر انکاونٹر واقعہ کو فرضی انکاونٹر قرار دیتے ہوئے اس کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے زیر دریافت قیدیوں کے انکاونٹر کی ایس آئی ٹی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنے آپ کو اقلیت نواز ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں تو دوسری طرف انہوں نے 5 مسلم نوجوانوں کی ہلاکت پر ردعمل کا اظہار کرنے کے بجائے 5 دن تک خاموشی اختیار کرنے کے ’ ایس آئی ٹی ‘ کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ مسلم نوجوانوں کی ہلاکت پر کئی شک و شبہات ہیں ۔ اس کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کے بجائے ایس آئی ٹی کے ذریعہ تحقیقات کراتے ہوئے اتنے بڑے انکاونٹر کی اہمیت گھٹانے کی چیف منسٹر تلنگانہ کوشش کررہے ہیں ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ مقتول نوجوان کوئی تشدد و دیگر وارداتوں میں ملوث ہے یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت کرے گی تلنگانہ حکومت اور پولیس کو اپنی طرف سے فیصلہ کرتے ہوئے سفاکانہ کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی تمام اقسام کے دہشت گردی کی جہاں سخت مذمت کرتی ہے ۔ وہیں مسلم نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر فرضی انکاونٹر کرنے کی بھی سخت مذمت کرتی ہے ۔ کانگریس کے قائد نے آلیر انکاونٹر کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکاونٹر کی سی بی آئی تحقیقات کرانے سے انکار کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ نے نریندر مودی کی تقلید کی ہے ۔ 2002 میں گجرات فسادات کی سی بی آئی تحقیقات کرانے سے جس طرح انکار کردیا تھا ۔ چندر شیکھر راؤ نے بھی آلیر انکاونٹر کی بھی سی بی آئی تحقیقات کرانے کے معاملے میں اس طرح انکار کردیا ہے ۔ نریندر مودی نے جس طرح مسلمانوں کے جذبات کی قدر نہیں کی تھی ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی اس طرح کاطرز عمل اختیار کیے ہوئے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT