Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / انگریزی زبان پر عبور حاصل کرنے وزراء کو ہدایت

انگریزی زبان پر عبور حاصل کرنے وزراء کو ہدایت

بیرونی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے مقصد سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا اقدام

حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست (سیاست  نیوز) تلنگانہ ریاست کی ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزراء کو انگریزی زبان پر عبور حاصل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ بیرونی وفود کے ساتھ تبادلہ خیال اور تلنگانہ کی ترقی کا خاکہ پیش کرنے میں سہولت ہو۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد کئی وزراء نے اپنی انگریزی درست کرنے اور انگریزی میں بات چیت کیلئے باقاعدہ ٹیوٹر کا انتظام کرلیا ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع کے مطابق حالیہ عرصہ میں کئی بیرونی ممالک کے وفود کے دورہ حیدرآباد اور ملک کے اہم صنعتی گھرانوں کے نمائندوں کی آمد کے موقع پر محسوس کیا گیا کہ کئی وزراء کو انگریزی زبان پر عبور حاصل نہیں ہے جس کے باعث انہیں بات چیت میں دشواری کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ 18 رکنی تلنگانہ وزارت میں کئی وزراء ایسے ہیں جو انگریزی میں بات چیت کے موقف میں نہیں ۔ چند وزراء انگریزی زبان میں بات چیت کرسکتے ہیں ۔ تاہم مکمل عبور کے ساتھ انگریزی میں بات چیت اور تقریر کی صلاحیت صرف چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ میں موجود ہے۔ بیرونی وفود اور صنعتی گھرانوں کے وفود کی آمد کے موقع پر اکثر و بیشتر کے ٹی آر مذاکرات کر رہے ہیں یا پھر عہدیداروں کو بات چیت کی ذمہ داری دی جارہی ہے۔ کئی اہم قلمدانوں سے تعلق رکھنے والے وزراء کی انگریزی زبان میں مہارت نہ ہونے کے سبب انہیں محکمہ کے عہدیداروں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے چیف منسٹر نے وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ انگریزی زبان پر عبور حاصل کریں اور ضرورت پڑنے پر انگریزی کے ٹیچر کی خدمات حاصل کی جائیں۔ چیف منسٹر کا احساس ہے کہ ریاست کو تیز رفتار ترقی کی سمت گامزن کرنے کیلئے وزراء کا انگریزی زبان پر عبور حاصل کرنا ضروری ہے۔

حالیہ عرصہ میں چیف منسٹر اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے ہی بیرونی وفود سے ملاقاتیں کی اور سرمایہ کاروں کے اجلاس میں شرکت کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی وزراء نے انگریزی ٹیچر کی خدمات حاصل کی ہے جن میں وزیر مال ، وزیر داخلہ ، وزیر برقی ، وزیر جنگلات ، وزیر سیاحت اور دوسرے شامل ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ یہ وزراء انگریزی پر عبور حاصل کرنے کیلئے رات کے وقت میں کافی محنت کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ نے اپنے قلمدان کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے بہت جلد انگریزی زبان پر عبور حاصل کرلیا اور انہوں نے حال ہی میں تلنگانہ آئی پاس کے لانچ تقریب میں انگریزی زبان میں تقریر کی تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد کئی وزراء نے اپنے محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ انگریزی میں بات چیت کی مشق شروع کی ہے ۔ حکومت کے کئی اعلیٰ عہدیدار صرف انگریزی میں بات چیت کرسکتے ہیں اور انہیں تلگو یا ہندی پر عبور حاصل نہیں۔ اس طرح انگریزی سے ناواقف وزراء کے لئے اس طرح کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔

TOPPOPULARRECENT