Friday , April 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / انگلش اوپنر رائے کے ریکارڈ 180 رنز

انگلش اوپنر رائے کے ریکارڈ 180 رنز

 

ملبورن۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلش اوپنر جیسن رائے کی جانب سے ریکارڈ اور انگلینڈ کی جانب سے ونڈے میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کی بدولت مہمان ٹیم نے پہلے ونڈے میں انگلینڈ کو ایک ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں شکست دی۔ ایشیس سیریز میں 4-0 کی شرمناک شکست کے بعد انگلینڈ نے مبلورن کرکٹ گراؤنڈ میں پانچ مقابلوں کی ونڈے سیریز کا شاندار آغاز کیا جیسا کہ رائے کے 180 رنز کی بدولت انگلش ٹیم نے کامیابی کیلئے 305 رنز کا نشانہ 7 گیندیں قبل ہی 308/5 کی شکل میں حاصل کرلیا۔ رائے نے 151 گیندوں میں 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 180 رنز اسکور کئے جوکہ کسی بھی انگلش بیٹسمین کا ونڈے میں اعظم ترین انفرادی اسکور ہے۔ علاوہ ازیں ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر اس کامیابی کے ذریعہ انگلینڈ نے ہمالیائی اسکور کا کامیابی کے ساتھ تعاقب کیا، کیونکہ اس سے قبل 2011ء میں انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا نے 297/4 رنز بناتے ہوئے نشانہ کا کامیاب تعاقب کیا تھا۔ رائے نے ایک شاندار اننگز کھیلتے ہوئے انگلش کپتان ایان مرگن کے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے کی لاج رکھ لی۔ رائے نے 32 گیندوں میں نصف سنچری اسکور کی جبکہ پانچویں ونڈے سنچری کے دوران وہ ایک مرتبہ قریبی رن آؤٹ سے بچنے کے علاوہ ایل بی ڈبلیو سے بھی محفوظ رہے، کیونکہ امپائر کے فیصلہ کو ڈی آر ایس کے ذریعہ تبدیل کیا گیا۔ جس وقت رائے 5 رنز کے انفرادی اسکور پر بیٹنگ کررہے تھے، اس وقت میچل اسٹارک انہیں راست تھرو پر رن آؤٹ کرسکتے تھے لیکن گیند وکٹوں سے نہیں لگی۔ 91 رنز کے انفرادی اسکور پر ایڈم زمپا کی گیند پر انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا تھا لیکن بعد میں یہ فیصلہ تبدیل کرنا پڑا۔ 92 گیندوں میں انہوں نے اپنی سنچری مکمل کی۔ علاوہ ازیں 2016ء میں پاکستان کے خلاف الیکس ہالس کے 171 رنز کے ریکارڈ کو بھی انہوں نے پیچھے چھوڑ دیا۔ ان کے علاوہ ٹسٹ کپتان جیو روٹ نے 110 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 91 رنز کی ناقابل شکست کھیلی۔ دیگر بیٹسمنوں میں جانی بیرسٹو (14) ، الیکس ہالس (4) ، مرگن (1) اور بٹلر (4) جلد آؤٹ ہوئے جبکہ معین علی 4 گیندوں میں ایک چوکے کے ساتھ 5 رنز بنائے۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے آرون فنچ کی سنچری (107) اور میچل مارش (50) کے ہمراہ اسٹونس (60) کی نصف سنچریوں کی بدولت 304/8 رنز اسکور کئے۔ انگلینڈ کے لئے پلنکٹ کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 71 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کے جبکہ عادل رشید نے 73 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مارک ووڈ نے 10 اوورس میں 49 رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔

TOPPOPULARRECENT