Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / انگلش میں مہارت پیدا کرنے اور اخبارات کا مطالعہ کرنے پر زور

انگلش میں مہارت پیدا کرنے اور اخبارات کا مطالعہ کرنے پر زور

سیاست اور امریکی قونصلیٹ کے انگلش ٹریننگ بیاچس کا اختتام ، سرٹیفیکٹس کی تقسیم ، زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ’ انگلش فار ایمپلائبلیٹی ‘ کے نام سے حصول روزگار میں معاون انگلش ٹریننگ کے مزید دو بیاچس کا جمعرات کو اختتام ہوا ۔ جس کا اہتمام مشترکہ طور پر امریکی قونصلیٹ اور روزنامہ سیاست کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے اس ٹریننگ میں کامیابی کے ساتھ شرکت کرنے والوں میں سرٹیفیکٹس تقسیم کئے ۔ احاطہ دفتر روزنامہ سیاست ، عابڈس حیدرآباد میں 18 ستمبر تا 25 اکٹوبر 2017 منعقدہ 6 ہفتے طویل بیاچس کی قیادت مسز راشل ڈائمنڈ نے کی ۔ ان بیاچس میں کامیابی کے ساتھ شرکت کرنے والے 60 امیدواروں میں 36 پرانے شہر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ 21 انجینئرس ہیں ، 12 ایم بی اے دیگر گریجویٹس اور چند انٹرمیڈیٹ ہیں ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے انگلش زبان میں امریکی لب و لہجہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ 200 سال سے زائد عرصہ تک ہندوستان میں انگریزوں کی حکومت رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہماری بات چیت اور مراسلت میں اکثر برطانوی انگلش کا اثر نمایاں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کمیویٹیز کے لیے اس طرح کی ٹریننگ کی فراہمی کے لیے سیاست سے تعاون و اشتراک کرنے پر امریکی قونصلیٹ سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے اس ٹریننگ میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں انگلش میں مہارت پیدا کرنے کا مشورہ دیا ۔ اور ان پر اس بات کے لیے زور دیا کہ وہ اخبارات کا مطالعہ کریں تاکہ انہیں مختلف پروگرامس ، اسکیمات اور روزگار اعلامیہ کی معلومات حاصل ہوں ۔ مسز راشل ڈائمنڈ نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس کورس سے امیدواروں کی دلچسپی بہت اچھی رہی ۔ ابتداء میں اس کورس کے شرکاء میں جھجک تھی لیکن دن گذرنے کے ساتھ انہوں نے ان کی پوری صلاحیتوں کے ساتھ اس میں حصہ لیتے ہوئے استفادہ کیا ۔ معاون روزگار مہارتوں کو فروغ دینے کے 6 ہفتوں کے اس پروگرام میں انگلش لینگویج اسپیکنگ ، ریزیوم میکنگ ، انٹرویو کے اخلاق ، گروپ مباحثہ ، پبلک اسپیکنگ شامل ہے ۔ ادارہ سیاست کو آئندہ دو بیاچس کے لیے 631 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور 103 رجسٹریشنس کیے گئے جس میں 36 فیمل امیدوار ہیں ۔ یہ بیاچس 6 نومبر سے شروع ہوں گے جن کے اوقات پیر تا جمعرات صبح 9 تا 11 بجے دن اور 12 تا 2 بجے دن ہوں گے ۔ ہر جمعہ کو آن لائن کلاس بھی ہوگی ۔ طلبہ کو کورس کی تکمیل کے بعد امریکی قونصلیٹ اور سیاست کی جانب سے مشترکہ طور پر سرٹیفیکٹس دئیے جائیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT