Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلش ٹیم میں تیسرے مسلم کھلاڑی ظفر انصاری کی شمولیت

انگلش ٹیم میں تیسرے مسلم کھلاڑی ظفر انصاری کی شمولیت

لندن۔16 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف مجوزہ سیریز کیلئے اپنی ٹیموں کا اعلان کردیا ہے اور ٹسٹ اسکواڈ میں پہلی مرتبہ اوپنر ایلکس ہیلز اور ظفر انصاری کو شامل کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کے خلاف اکتوبر نومبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کیلئے انگلش ٹیم نے ممکنہ اسپن وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اسکواڈ میں معین علی اور عادل راشد کے ساتھ آل راؤنڈر ظفر انصاری کو بطور تیسرا اسپنر شامل کیا ہے۔ اوپنرز کے حوالے سے پریشانی میں مبتلا انگینڈ نے ایلکس ہیلز کو پہلی مرتبہ ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیا ہے جبکہ جیمز ٹیلر کو بھی تین سال بعد ٹسٹ میچوں کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ نے ٹسٹ میچوں کیلئے 16 رکنی جبکہ ونڈے  اور  ٹوئنٹی20  سیریز کے لئے 15 رکنی دستوں کا اعلان کیا ہے۔ انگلش چیف سلیکٹر جیمز وٹکر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اپنے مختلف چیلنج کا سامنا ہو گا اور ہمارے اسکواڈ کی تشکیل اس بات کی عکاس ہے کہ ہمیں متحدہ عرب امارات میں کس طرح کی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ظفر انصاری کی صلاحیتوں نے ہمیں متاثر کیا

اور ڈومیسٹک سطح پر بیٹ اور بال سے شاندار کارکردگی کے بعد ہمیں امید ہے کہ وہ معین اور عادل کو سخت مسابقت دیں گے۔ ایلکس ہیلز نے فرسٹ کلاس میں ناٹنگھم شائر کیلئے بہت زیادہ رنز اسکور کئے اور وہ ہماری ٹسٹ ٹیم میں جگہ پانے کے مستحق تھے۔ جیمز نے بین اسٹوکس کو ونڈے اور  ٹوئنٹی20  ٹیم میں شامل نہ کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سیزن میں انہوں نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور ان پر کارکردگی کا کافی دباؤ تھا

لہٰذا ہم نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کو دیکھتے ہوئے انہیں ٹسٹ میچوں کے بعد ونڈے اور ٹوئنٹی20 میںآرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں انگلش سلیکٹر نے اعلان کیا کہ پال کولنگ وڈ اور سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے بحیثیت کنسلٹنٹ انگلش ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹسٹ، چار ونڈے  اور تین  ٹوئنٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 13 اکتوبر سے ابوظہبی میں شروع ہونے والے ٹسٹ میچ سے ہو گا۔ تینوں طرز کی کرکٹ کیلئے انگلینڈ کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ٹسٹ: ایلسٹر کک(کپتان)، معین علی، جیمز اینڈرسن، ظفر انصاری، جیو روٹ، جونی بیئراسٹو، ایان بیل، اسٹیورٹ براڈ، جوز بٹلر، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، لیام پلنکٹ، عادل راشد، بین اسٹوکس، جیمز ٹیلر اور مارک ووڈ۔ ونڈے ٹیم: ایان مورگن(کپتان)، معین علی، جونی بیئراسٹو، سیم بلنگ، جوز بٹلر، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، جو روٹ، جیسن روئے، عادل راشد، جیمز ٹیلر، ریس ٹوپلے، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک ووڈ۔ ٹوئنٹی20 ٹیم : ایان مورگن(کپتان)، معین علی، سیم بلنگ، جوز بٹلر، کرس جورڈن، اسٹیفن پیری، ایلکس ہیلز، جو روٹ، جیسن روئے، عادل راشد، ریس ٹوپلے، جیمز ونس، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک ووڈ۔

TOPPOPULARRECENT