Friday , November 16 2018
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈکو شکست،کروشیا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں داخل

انگلینڈکو شکست،کروشیا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں داخل

ماسکو۔12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے ایونٹ کی پسندیدہ انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں رسائی کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ماسکو کے لزنیکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کے آغاز میں ہی انگلینڈ نے برتری حاصل کر کے کروشیا کی ٹیم کو دباؤ میں لے لیا۔میچ کے چوتھے منٹ میں ڈیلی ایلی کو گرانے پر انگلینڈ کو فری کک ملی جس پر کیرن تریپیئر نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔اس گول کی بدولت تریپیئر سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم کے بعد ورلڈ کپ میں فری کک پر گول کرنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے جہاں بیکہم نے 1998 اور 2006 ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔میچ کے30 ویں منٹ میں انگلینڈ کو برتری دگنی کا اس وقت نادر موقع ملا جب لنگارڈ نے کپتان ہیری کین کو شاندار پاس دیا لیکن کروشیا کے گول کیپر نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو بڑے خسارے میں جانے سے بچا لیا۔میچ کے پہلے ہاف میں کروشیا کی ٹیم نے گیند کا کنٹرول زیادہ تر اپنے پاس رکھا لیکن وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔دوسرے ہاف میں میچ کے 68ویں منٹ میں کروشیا کے پیریسک نے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔اس کے بعد کروشیا کی ٹیم نے دوسرے ہاف کے اختتام تک انتہائی شاندار اور جارحانہ فٹبال کھیلا جس کا انگلینڈ کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔کروشیا کی ٹیم نے انگلینڈ کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن بدقسمتی سے ہاف کے اختتام تک وہ برتری حاصل نہ کر سکے۔میچ مقررہ وقت تک 1۔1 سے برابر رہنے کے بعد اضافی 30 منٹ میں میچ کا فیصلہ کرنے کا طے کیا گیا۔میچ کے اضافی وقت کے پہلے ہاف میں دونوں ہی ٹیمیں گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں لیکن دوسرے ہاف میں 109ویں منٹ میں ماریو مینڈزیوکک نے شاندار گول اسکورکر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔جب ریفری نے میچ کے اختتام کا اعلان کیا تو 2-1 کا اسکور کروشیا کی فتح اور انگلینڈ کی میچ میں حیران کن شکست کا اعلان کررہا تھا۔کروشیا کی ٹیم نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ 1998 میں کروشیائی ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں انہیں فرانس کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔شکست کے ساتھ انگلینڈ کا دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے کا خواب چکنا چور ہو گیا جہاں انہوں نے 1966 میں پہلی اور آخری مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ایونٹ کا فائنل 15 جولائی کو فرانس اورکروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ہفتے کو تیسرے مقام کے میچ میں بلجیئم اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

TOPPOPULARRECENT