Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ ٹور تاریخی ہوگا : مصباح

انگلینڈ ٹور تاریخی ہوگا : مصباح

کراچی ، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ٹسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا دورۂ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ٹیم کی بیٹنگ تجربہ کار ہے اور یہ ٹور ٹیم کیلئے تاریخی ثابت ہوسکتا ہے۔ مصباح کے حوالے سے یہ خبریں زیرگردش ہیں کہ وہ اس دورے کے اختتام پر ٹسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے۔ ’ڈان نیوز‘ سے گفتگو میں مصباح الحق نے کہا کہ ناقدین کے بجائے اُن کی پوری توجہ اپنی کارکردگی پر ہے۔ ’’انگلینڈ کے خلاف سیریز ہمارا ترجیحی ہدف ہے، اس لئے تمام تر توجہ اسی سیریز پر مرکوز ہے۔‘‘ پاکستانی ٹیم تقریباً 6 سال بعد رواں ہفتے انگلینڈ کے ٹور پر روانہ ہو گی۔ پاکستان نے انگلینڈ کا آخری دورہ 2010ء میں کیا تھا جب نیشنل ٹیم کے اُس وقت کے کپتان سلمان بٹ، فاسٹ بولر محمد آصف اور محمد عامر پر لارڈز ٹسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات لگے اور اس جرم کے اعتراف پر تینوں کھلاڑیوں پر پابندی عائد ہوئی۔ سزا پوری کرنے کے بعد عامر پاکستانی ٹیم میں واپس آ چکے ہیں اور دورۂ انگلینڈ پر نیشنل ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ کپتان مصباح کا کہنا ہے کہ عامر بہترین بولر ہیں اور امید ہے وہ توقعات پر پورا اتریں گے۔ مصباح کا شمار پاکستان کے کامیاب ترین ٹسٹ کپتانوں میں ہوتا ہے۔ اُن کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ سال یو اے ای میں انگلینڈ کو 3 میچز کی ٹسٹ سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT