Tuesday , October 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کواننگز شکست،ایشیزپر آسٹریلیا کا قبضہ

انگلینڈ کواننگز شکست،ایشیزپر آسٹریلیا کا قبضہ

پرتھ۔18 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین اسٹیون اسمتھ کی کپتانی میں آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میچ کے آخری دن آج اننگز اور41 رنز سے کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے ایشز سیریز پر ناقابل تسخیر 3-0 برتری حاصل کرلی۔آسٹریلیا نے واکا کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ ٹیم کی دوسری اننگز 72.5 اوور میں 218 رنز پرسمیٹتے ہوئے چائے کے وقفہ سے پہلے ہی جیت اپنے نام کر لی۔دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ اہم تھا اور انگلینڈ کے لئے یہ کرو یا مرو کا میچ تھا لیکن وہ دو میچ باقی رہتے ہوئے بھی سیریز گنوا بیٹھی۔ انگلینڈ کی اننگز میں جیمس ونس (55) اور ڈیوڈ ملان (54) کی نصف سنچریوں کے علاوہ سبھی بیٹسمینوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔میزبان ٹیم کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے انگلینڈ کی دوسری اننگز کو جلد نمٹانے کا کام کیا اور18 اوور میں 48 رنز کے عوض سب سے زیادہ پانچ وکٹ حاصل کئے ۔26 سالہ ووڈ نے اننگز میں چھٹی مرتبہ پانچ وکٹ حاصل کیے ۔پیٹ کمنز نے انگلینڈ کے آخری دو وکٹ اسٹیورٹ براڈ اور کرس ووکس کو آؤٹ کرکے جیت کی خانہ پری کو مکمل کیا۔ پیٹ کمنز نے دو وکٹ اور میچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کیا۔آسٹریلیا کے لئے پہلی اننگز میں 239 رنز کی ڈبل سنچری اننگز کھیلنے والے اسمتھ کو مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔ کامیابی کے بعد انہوں نے اپنی ٹیم کے پھر سے ایشز پر قبضہ کرنے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا ایشز فاتح ٹیم کا کپتان ہونا میرے لئے فخر کی بات ہے ۔ میں اس وقت کافی جذباتی ہوں اور بہت ہی پرجوش بھی ہوں۔ دوسری طرف انگلینڈ کے کپتان جیو روٹ بارش کی توقع کر رہے تھے لیکن پچ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ میں تین گھنٹے کی تاخیر تو ہوئی لیکن یہ بارش ان کی ٹیم کو شرمناک شکست سے بچانے کے لیے کافی نہیں تھی اور انگلینڈ نے اپنے آخری چھ وکٹ 85 رن کے اضافہ پر گنوا دیئے ۔میچ میں28 اوورس خراب موسم کی وجہ سے ضائع ہوئے جس کے بعد انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کل کے چار وکٹ پر 132 رن سے آگے کیا۔ اس وقت ملان 28 اور جانی بیرسٹو 14 رنز بنا کر کریز پر تھے اور انگلینڈ اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 127 رنز دور تھی۔پچ کے تنازعہ کے درمیان وکٹ کیپر بیرسٹو ہیزل ووڈ کی پہلی گیند کا سامنا کرتے ہی اپنے کل کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے ۔ دوسری طرف ناتھن لیون نے معین علی کو11 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے ملان نے پھر سے کمان سنبھالی اور اپنی چوتھی ٹسٹ نصف سنچری بھی مکمل کی۔ ملان نے ایک سرے پر محتاط بیٹنگ کی اور 135 گیندوں میں آٹھ چوکے لگا کر 54 رن بنائے ۔ ہیزل ووڈ نے لیکن ملان کو وکٹ کیپر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ کراکر انگلینڈ کو 196 کے اسکور پر ساتواں جھٹکا دیا۔ ہیزل ووڈ نے پھر اننگز میں کریگ اوورٹن (12) کو اپنا پانچواں شکار بھی بنایا جنہیں عثمان خواجہ نے کیچ کیا۔ براڈ دو ہی گیند تک کریز پر ٹک سکے جنہیں کمنز نے پین کے ہاتھوں ہی کیچ کروایا جبکہ ووکس کو بھی انہوں نے بالکل اسی طرح آؤٹ کیا جنہوں نے 22 رن بنائے ۔

TOPPOPULARRECENT