Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / انگلینڈ کو صفر ۔ چار سے شکست ِ فاش ، کوہلی کو سیریز ایوارڈ

انگلینڈ کو صفر ۔ چار سے شکست ِ فاش ، کوہلی کو سیریز ایوارڈ

Indian cricket captain Virat Kohli, left, and team celebrate after winning the test series against England during their fifth day of the fifth cricket test match in Chennai, India, Tuesday, Dec. 20, 2016. (AP Photo/Tsering Topgyal)

پانچویں و آخری ٹسٹ میں ہندوستان کی اننگز اور 75 رنز سے فتح ۔ کرون نائر ’مین آف دی میچ‘

چینائی ، 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے انگلینڈ کی بے اطمینانی کے موسم سرما کا زبردست انداز میں اختتام کردیا جب میزبانوں نے پانچ میچ کی سیریز 4-0 سے جیت لی، جو پانچویں و آخری کرکٹ ٹسٹ میں آج یہاں اننگز اور 75 رنز کی فتح کے ساتھ مکمل ہوئی۔ اسپنر رویندر جڈیجا آج کے ہیرو رہے کیونکہ انھوں نے 7/48 کے غیرمعمولی اعداد و شمار درج کراتے ہوئے انگلینڈ کی ناکامی پر مہر ثبت کردی۔ جڈیجا کی کارکردگی کا خصوصیت کے ساتھ تذکرہ ضروری ہے کیونکہ انھوں نے ایسی پچ پر اپنی لیفٹ آرم اسپن بولنگ کا مظاہرہ کیا جو بیٹنگ کیلئے ناسازگار دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ تاہم ٹریپل سنچورین کرون نائر کو 303 ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز پر ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی اننگز نے ویراٹ کوہلی زیرقیادت ٹیم کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔ رواں سال کا اپنا نواں میچ جیت کر میزبانوں نے ناقابل شکست رہنے کے تواتر کو 18 تک بڑھا لیا ہے۔ میزبانوں نے اس دوران متعدد ریکارڈز توڑے اور کئی دیگر درج کرائے ہیں۔ یہ انگلینڈ کے مقابل انڈیا کی سب سے بڑی سیریز فتح ہے۔ اُن کی سابقہ بہترین کامیابی 3-0 کی تھی جو محمد اظہر الدین کی قیادت میں 1992-93ء میں ریکارڈ ہوئی تھی۔ کوہلی کو زبردست بیٹنگ پر ’مین آف دی سیریز‘ ایوارڈ عطا کیا گیا۔ انگلینڈ نے دن کی شروعات سنبھل کر کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد وہ اپنے آخری چھ وکٹیں محض 15 رنز کے اضافے پر کھو دیئے۔ انگلینڈ ایک مرحلے پر 200/8 تک گھٹ گیا تھا جس میں زیادہ تر نقصان جڈیجا نے پہنچایا۔ السٹیر کک کی ٹیم 192/4 سے یکایک 200/8 تک گھٹ گئی اور بھارتی ٹیم کو سیریز 4-0 سے جیتنے کیلئے معقول وقت تھا۔ جلد ہی اسکور 207/9 ہوا اور سیریز کا خاتمہ تب ہوا جب جڈیجا نے جیک بال (0) کو نائر کے ذریعہ کیچ کرایا ۔ اس کے ساتھ ہی ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم کے اسٹانڈز میں جشن کا ماحول دیکھنے میں آیا، اور ہندوستانی کھلاڑیوں نے بھی خوب خوشی منائی۔ یہ انڈیا کی گزشتہ ستمبر سے پانچویں متواتر ٹسٹ سیریز فتح ہے۔

TOPPOPULARRECENT