Friday , September 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کی کامیابی‘سنگاکارا کے 13 ہزار رنز مکمل

انگلینڈ کی کامیابی‘سنگاکارا کے 13 ہزار رنز مکمل

ہمبنٹوٹا۔4 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے سات مقابلوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کو شکست دی تاہم میزبان کو 1-2 سے برتری حاصل ہے۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 242 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے مطلوبہ نشانہ 34 ویں اوور میں 236 رنز پر بنا کر حاصل کرلیا۔ میچ بارش اور خراب موسم کے سبب 35 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے 58، جوز بٹلر نے 55 اور جو روٹ نے 48 رنز اسکور کئے۔ قبل ازیں سنگاکارا نے 63 اور تھریمنے نے 62 رنز بنا کر سری لنکائی بیٹنگ کو سہارا دیا تھا۔اسٹار سری لنکائی وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگاکارا نے ونڈے میں کیریئر کے 13 ہزار رنز مکمل کر لئے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے سری لنکا کے دوسرے اور دنیا کے چوتھے بیٹسمین بن گئے۔ سنگا کارا نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس سے قبل سچن تنڈولکر، رکی پونٹنگ اور سنت جے سوریا بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ تنڈولکر کو ریکارڈ 18426 رنز بنانے کا عالمی اعزاز حاصل ہے، پونٹنگ 13704 رنز بنا کر دوسرے اور جے سوریا 13430 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ سنگاکارا جب انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ کیلئے میدان میں اترے تو انہیں کیریئر کے 13 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 13 رنز کی ضرورت تھی، انہوں نے اننگز کے ابتدائی تیرہ رنز جوڑ کر اس اعزاز کو حاصل کیا۔ علاوہ ازیں سنگاکارا نے تیز ترین 13 ہزار رنز مکمل کرنے کا جے سوریا کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ سنگاکارا نے 363 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ جے سوریا نے 416 اننگز میں 13 ہزار رنز مکمل کئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT