انگلینڈ کی 56 سال بعد بیرون ملک پہلی کلین سویپ

کولمبو۔26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آف اسپنر معین علی اور جیک لیچ کی فی کس 4 وکٹوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے تیسرے اورآخری ٹسٹ میں میزبان سری لنکا کو42 رنز سے شکست دے کر3-0 کی کلین سویپ کر لی۔ انگلینڈ نے میزبان سری لنکا کوکامیابی کے لئے327 رنزکا نشانہ دیا تھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا نے کل اپنے چار وکٹ صرف53 رنز پر کھو دیئے تھے ۔ سری لنکا نے آخری دن سخت جدوجہد کی لیکن پوری ٹیم86.4 اوورمیں284 پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ نے اس طرح گزشتہ56 برسوں میں بیرون ملک پہلی کلین سویپ کم از کم تین ٹسٹ حاصل کی۔ انگلینڈ نے اس سے پہلے 1962-63 میں نیوزی لینڈ میں 3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔انگلینڈ نے اس طرح سری لنکا کا کامیاب دورہ بہترین کامیابی کے ساتھ ختم کیا۔ انگلینڈ نے اس دورے میں ونڈے ، ٹوئنٹی20 اور ٹسٹ سیریز تینوں اپنے نام کئے۔ سری لنکا میں تینوں سیریز میں فتح حاصل کرنے والی انگلینڈ تیسری ٹیم بنی۔ اس سے پہلے پاکستان نے2015 اورہندستان نے2017 میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز میں شاندار110 رن بنانے والے جانی بیرسٹو کو مین آف دی میچ اور وکٹ کیپر بین فوکس کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔

TOPPOPULARRECENT