Tuesday , June 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کے دورہ کیلئے ایک اسپنر،تشویش کا باعث:اکرم

انگلینڈ کے دورہ کیلئے ایک اسپنر،تشویش کا باعث:اکرم

کراچی ۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بولر وسیم اکرم نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے معلنہ ٹیم میں صرف ایک اسپنر کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں کم از کم دو اسپنرز کو شامل کرنا چاہیے تھا۔ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے 16رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں صرف ایک اسپنر شاداب خان کو شامل کیا گیا ہے کیونکہ یاسر شاہ زخمی ہیں۔ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں صرف ایک اسپنر کی موجودگی تشویش کاباعث ہے اور ٹیم میں کم از کم دو اسپنرز کو شامل کرنا چاہیے تھا اور شاداب خان کو یاسر شاہ کی غیرموجودگی میں اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے اسکواڈ میں وہاب ریاض کی عدم شمولیت کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاب ریاض کی کارکردگی میں تسلسل کی کمی دکھائی دیتی ہے اور امید ہے کہ اس سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی کارکردگی میں تسلسل لانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے ٹیم میں 10 بیٹسمینوںکی موجودگی پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ بیٹنگ مضبوط ہو تو زیادہ بیٹسمینوں سے فرق نہیں پڑتا، انگلینڈ کے ساتھ آئرلینڈ کا دورہ بھی آسان نہیں ہو گا۔ ان دوروں میں ٹیم کو مصباح الحق اور یونس خان کی کمی محسوس ہوگی لیکن امید ہے کہ نوجوان اس موقع سے فائدہ اٹھا کر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔اکرم نے کہا کہ انگلش وکٹیں بولروں کے لیے مددگار ہوتی ہیں لیکن آئرلینڈ کے حالات میں گیند زیادہ سوئنگ ہوتی ہے لہٰذا فاسٹ بولروں کا کردار دونوں سیریز میں بہت اہمیت کا حامل ہو گا لیکن بیٹسمینوں کا کڑا امتحان ہے۔ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ مکی آرتھر کو نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر کے مزا آرہا ہے اور وہ طویل معیاد منصوبہ بندی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اسکواڈ میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT