Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ 400 ، جوابی اننگز میں انڈیا 146/1

انگلینڈ 400 ، جوابی اننگز میں انڈیا 146/1

ممبئی ، 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آف اسپنر روی چندرن اشوین کے ایک اور 5 وکٹوں والے مظاہرے کے بعد بیاٹ کے ذریعے مضبوط جواب پیش کیا، جیسا کہ میزبانوں نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹسٹ کے آج یہاں دوسرے دن کے کھیل کا اختتام 146/1 پر کیا۔ اشوین نے آج مزید دو وکٹیں لیتے ہوئے اننگز میں 6/112 کے اعداد و شمار درج کرائے، جس کے بعد مرلی وجئے (70 ناٹ آؤٹ) اور چتیشور پجارا (47 ناٹ آؤٹ) نے انگلینڈ کی پہلی اننگز کے 400 آل آؤٹ پر ٹھوس ہندوستانی جواب کی قیادت کی۔ دونوں نے دوسری وکٹ کیلئے غیرمختتم رفاقت میں 107 رنز جوڑ لئے، جس سے میزبانوں کو دوسرے دن قدرے برتری کے حصول میں مدد ملی۔ انڈیا جو پانچ میچ کی ٹسٹ سیریز میں 2-0 سے آگے ہے، اب انگلینڈ کے مقابل 254 رنز پیچھے ہے، جب کہ پہلی اننگز کی 9 وکٹیں ہاتھ میں ہے۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم کی پچ سے اسپنروں کو کافی گھماؤ اور اُچھال کے حصول میں مدد مل رہی ہے۔ ویراٹ کوہلی زیرقیادت ٹیم کو معمول کی ترتیب کے اعتبار سے میچ کی چوتھی اننگز میں بیٹنگ کرنا ہے۔اوپنر وجئے نے 70 ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کے ساتھ اپنا ردھم یوں لگا کہ دوبارہ پالیا ہے جبکہ ’اِن فام‘ نمبر تین بیٹسمن پجارا نے اپنی نپی تلی بلے بازی کے ذریعے دورہ کنندگان کو پریشانی میں ڈالنا جاری رکھا ہوا ہے۔

ہندوستان کو آج 52 اوورز بیٹنگ کا موقع ملا، جس کے اختتام پر بلاشبہ انھیں قدرے برتری مل چکی ہے۔ دیگر اوپنر لوکیش راہول 24 رنز بناکر معین علی (1/44) کا شکار بنے۔ وجئے اور پجارا کی پارٹنرشپ 228 گیندوں کا سامنا کرچکی ہے اور یہ اُن کی ٹسٹ میچوں میں ساتویں اور رواں سیریز میں دوسری سنچری رفاقت ہے۔ وہ راجکوٹ میں ڈرا پہلے میچ میں ڈبل سنچری پارٹنرشپ نبھاچکے ہیں۔ صبح میں ہندوستانی اسپن جوڑی اشوین اور رویندر جڈیجا نے تمام 10 وکٹیں آپس میں بانٹتے ہوئے انگلینڈ کو 288/5 سے آگے کھیلنے پر سکنڈ سیشن میں 22 منٹ کے کھیل تک 400 کے اسکور پر روک دیا۔ جوس بٹلر (76) آخر میں آؤٹ ہونے والے بیٹسمن رہے۔ اشوین کی آف اسپن نے 6 بیٹسمنوں کو آؤٹ کیا، جو اُن کا اپنے 43 ویں میچ میں 23 واں پانچ وکٹ والا مظاہرہ ہے۔ لیفٹ آرم اسپنر جڈیجا نے 4/109 کے اعداد و شمار درج کرائے۔ اشوین اب لجنڈری کپل دیو کے ٹسٹ کرکٹ میں 23 پانچ وکٹوں والے مظاہروں کی برابری کرچکے ہیں اور بس انیل کمبلے (35) اور ہربھجن سنگھ (25) سے پیچھے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT