Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / انیس الغرباء کامپلکس کے تعمیری کاموں کا ہنوز عدم آغاز

انیس الغرباء کامپلکس کے تعمیری کاموں کا ہنوز عدم آغاز

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا اظہار حیرت
حیدرآباد ۔ 17۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تین ماہ قبل نامپلی میں انیس الغربا کے ہمہ منزلہ کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھا تھا لیکن آج تک تعمیری کاموں کا آغاز نہیں ہوا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم آج عہدیداروں کے ساتھ جب تعمیری کاموں میں تاخیر کا پتہ چلانے کیلئے نامپلی پہنچے تو انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ کنٹراکٹر کو حکومت کی جانب سے ابھی تک ورک آرڈر نہیں دیا گیا۔ کنٹراکٹر نے بتایا کہ حکومت نے صرف کامپلکس کے نقشے حوالے کئے لیکن ورک آرڈر کی عدم اجرائی کے سبب تخمینہ کی تیاری اور ٹنڈر طلب کرنے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے اس سلسلہ میں حکومت کو توجہ دلانے کا تیقن دیا اور دوسری طرف سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ورک آرڈر ، انتظامی منظوری اور کامپلکس کے نقشہ جات جاری کردیئے گئے ہیں۔ تاہم کنٹراکٹر نے بعض ترمیمات کی خواہش کی ہے اور بہت جلد ضروری ترمیم کے ساتھ احکامات جاری کردیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ کے معائنہ کے موقع پر آر اینڈ بی کے عہدیدار موجود تھے۔ ڈپٹی اگزیکیٹیو انجنیئر محمد حفیظ، اگزیکیٹیو انجنیئر اشوک اور سپرنٹنڈنگ انجنیئر شریمتی شاردا نے محمد سلیم اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی کو تعمیری منصوبہ سے واقف کرایا ۔ انہوں نے بتایا کہ سوائیل ٹسٹنگ کا کام جاری ہے اور زمین سے مٹی کے تودوں کو علحدہ کرنے کے بعد تعمیری کام کا آغاز ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگ بنیاد کو تین ماہ مکمل ہوگئے اور وقف بورڈ کی جانب سے ایک کروڑ روپئے بھی جاری کردیئے گئے ہیں ۔ لہذا تعمیری کام جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہئے ۔ پلان کے جائزہ کے موقع پر بعض تبدیلیوں کی سفارش کی گئی جس میں ہاسٹل کے ساتھ ساتھ اسکول کی عمارت رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ طلبہ کو اسکول کیلئے کسی اور مقام پر منتقلی کی ضرورت نہ پڑے۔ اس پراجکٹ کیلئے حکومت نے 20 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ کامپلکس کے ابتدائی دو فلور تجارتی سرگرمیوں کیلئے ہوں گے جبکہ باقی پانچ منزلیں ہاسٹل کیلئے استعمال کی جائیں گی۔ کامپلکس میں دکانات کیلئے پارکنگ کا انتظام رہے گا ، تاہم علحدہ طور پر پارکنگ لاٹ کی تجویز سے دستبرداری اختیار کرلی گئی کیونکہ ایسی صورت میں نامپلی اسٹیشن کی پارکنگ بھی یہاں منتقل ہوسکتی ہے۔ طلبہ کیلئے طبی سہولتوں کے سلسلہ میں ایک ہاسپٹل بھی تعمیر کیا جائے گا جس میں ڈینٹل، جلد اور دیگر عام بیماریوں کے علاج کے علاوہ خون کے معائنہ کی سہولت رہے گی۔ عمارت میں لڑ کے اور لڑکیوں کیلئے علحدہ نماز گاہ کا انتظام رہے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ انیس الغربا نے عصری سہولتوں کی فراہمی کیلئے موجودہ اسٹاف کی تبدیلی کا منصوبہ ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ مالیاتی بے قاعدگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT