Wednesday , December 12 2018

انیس الغرباء کو 5,000 پاؤنڈس کا عطیہ

لندن میں مقیم سماجی و تہذیبی شخصیت مصطفیٰ علی خان کا قابل تحسین اقدام

لندن میں مقیم سماجی و تہذیبی شخصیت مصطفیٰ علی خان کا قابل تحسین اقدام
حیدرآباد۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) لندن میں مقیم حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی مشہور سماجی اور تہذیبی نمائندہ شخصیت جناب مصطفی علی خاں نے اپنے قریبی رشتہ دار کی وصیت کی تکمیل کرتے ہوئے 5,000 پاؤنڈس کا عطیہ انیس الغرباء حیدرآباد کیلئے پیش کیا۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی موجودگی میں جناب مصطفی علی خاں نے اس خطیر رقم کا چیک اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر آئی ایف ایس کو پیش کیا۔ اس سلسلے میں دفتر روزنامہ سیاست پر ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ممتاز مزاح نگار جناب مجتبیٰ حسین اور انیس الغرباء کے ایگزیکٹیو آفیسر جناب سید سمیع اللہ حسینی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جناب مصطفی علی خاں کے قریبی رشتہ دار جناب آئی اے صدیقی مرحوم نے وصیت کی تھی کہ انیس الغرباء میں غریب و نادار بچوں کی نگہداشت کیلئے ان کی جانب سے 5,000/- پاؤنڈس حوالے کئے جائیں۔ وصیت کی تکمیل کیلئے اس رقم کے چیک کے ساتھ جناب مصطفی علی خاں حیدرآباد پہونچے اور چیک جناب جلال الدین اکبر کے حوالے کیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ یہ خطیررقم غریب و نادار بچوں کی تعلیم، غذا اور بہتر نگہداشت پر صرف کی جائے۔ واضح رہے کہ انیس الغرباء کے انتظامات راست طور پر وقف بورڈ کی نگرانی میں ہے اور جناب جلال الدین اکبر نے حالیہ عرصہ میں بچوں کی بہتر تعلیم اور نگہداشت کے سلسلے میں کئی اقدامات کئے۔ انہوں نے جناب زاہد علی خاں اور جناب مصطفی علی خاں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اس رقم کو مرحوم کی وصیت کے مطابق خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے انیس الغرباء کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ واضح رہے کہ جناب مصطفی علی خاں کا تعلق حیدرآباد کے نامور گھرانے سے ہے اور ان کے والد نواب مقصود جنگ بہادر، آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کے شاہی طبیب تھے۔ جناب مصطفی علی خاں جو شاعر بھی ہیں ، ادبی حلقوں میں ’’مصطفی شہاب‘‘ کے نام سے مشہور ہیں۔ اب تک ان کے تین شعری مجموعے شائع ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں مقیم اور بھی کئی خاندان حیدرآباد میں فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ اس سلسلے میں جناب زاہد علی خاں سے ربط میں رہیں گے۔ انیس الغرباء میں فی الوقت مقیم بچوں کی تعداد 60 ہے جن میں 40 لڑکیاں اور 20 لڑکے شامل ہیں۔ ان کی وجئے نگر کالونی کے ایک خانگی اسکول میں تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے اور ان کی آمد و رفت کیلئے دو اسکول ویانس کرایہ پر حاصل کی گئی ہیں۔ انیس الغرباء کا ماہانہ خرچ تقریباً 3 لاکھ روپئے ہے جن میں 17 ملازمین کی تنخواہیں شامل ہیں۔ جناب جلال الدین اکبر نے جناب زاہد علی خاں سے خواہش کی کہ وہ انیس الغرباء کی سرگرمیوں میں بہتری کیلئے تجاویز پیش کریں۔

TOPPOPULARRECENT