انیس الغرباء کے بچوں کی بہتر نگہداشت کے انتظامات

اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر کی راست نگرانی

اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر کی راست نگرانی
حیدرآباد۔/26ڈسمبر، (سیاست نیوز) یتیم و نادار مسلم بچوں کی پرورش کیلئے قائم انیس الغرباء میں بچوں کو بہتر تعلیم سے آراستہ کرنے اور رہائش و طعام کیلئے بہتر انتظامات پر وقف بورڈ نے توجہ مرکوز کی ہے۔ ادارہ انیس الغرباء فی الوقت وقف بورڈ کی راست نگرانی میں ہے اور اس کے انتظامات پر اسپیشل آفیسر جناب جلال الدین اکبر خصوصی نگرانی کئے ہوئے ہیں۔ اسپیشل آفیسر وقتاً فوقتاً انیس الغرباء کا دورہ کرتے ہوئے یتیم و نادار بچوں کی رہائش اور انہیں فراہم کئے جانے والی غذا اور طبی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کررہے ہیں۔ کئی خانگی و رضاکارانہ تنظیموں کے ذریعہ اسپیشل آفیسر نے اس بات کی مساعی کی کہ انیس الغرباء میں مقیم طلبہ کو محرومی کا کوئی احساس نہ ہو۔ مختلف تنظیموں نے ان بچوں کے سرپرست کی طرح سہولتوں کی فراہمی کا پیشکش کیا۔ جناب جلال الدین اکبر شخصی طور پر بھی ان بچوں کیلئے مختلف سہولتوں کا انتظام کررہے ہیں۔ انہوں نے بچوں کو بہتر تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے مختلف تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں سے بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے ایک نامور تعلیمی ادارہ نے انیس الغرباء کے بچوں کو اپنے اداروں میں تعلیم فراہم کرنے سے اتفاق کیا۔ انیس الغرباء کے بچوں کیلئے فی الوقت جس تعلیمی ادارہ میں تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے اس سے ان کے معیار تعلیم میں عدم بہتری کو دیکھتے ہوئے جناب جلال الدین اکبر نے نامور تعلیمی ادارہ کے سربراہ سے ربط پیدا کرتے ہوئے انہیں خدمت خلق کے جذبہ کے تحت یتیم و یسیر طلبہ کی تعلیم کے انتظام پر آمادہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ادارہ نے نہ صرف بچوں کو تعلیم فراہم کرنے سے اتفاق کیا بلکہ ان کیلئے مختلف پیشہ ورانہ کورسیس میں تربیت کے اہتمام سے بھی اتفاق کیا۔ جناب جلال الدین اکبر نے کہا کہ بہتر رہائش کے ساتھ ساتھ بہتر تعلیم اور مختلف کورسیس میں تربیت کے ذریعہ وہ انیس الغرباء میں مقیم بچوں کو مسابقتی دوڑ میں دوسروں کے مساوی دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ان بچوں کی تربیت کے سلسلہ میں بعض فنی کورسیس کی نشاندہی کی ہے۔ جناب جلال الدین اکبر نے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کے ذریعہ جب بچوں کا طبی معائنہ کرایا تو پتہ چلا کہ وٹامن سے بھرپور غذاؤں کی کمی کے سبب بچوں کی نشوونما متاثر ہورہی ہے۔ اسپیشل آفیسر نے وقتاً فوقتاً طبی کیمپس کے انعقاد اور بچوں کو صحت بخش غذاؤں کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں نہ صرف وقف بورڈ سے انتظامات کئے جائیں گے بلکہ مختلف رضاکارانہ تنظیموں اور اہل خیر حضرات سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT