Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / انیل کمبلے کوچ کے عہدے سے مستعفی

انیل کمبلے کوچ کے عہدے سے مستعفی

نئی دہلی ۔21 جون (سیاست ڈاٹ کام)آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں ٹیم کی پاکستان سے شکست کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو ایک اور نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے کیونکہ کوچ انیل کمبلے نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ رپورٹ کے مطابق انیل کمبلے کا بطور ٹیم کوچ کانٹریکٹ کی مدت ختم ہوگئی جس کے بعد وہ اس کی تجدید نہیں چاہتے۔ تاہم بی سی سی آئی میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے سچن تنڈولکر، سوروو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن پر کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کے ساتھ ملاقات میں یہ واضح کردیا تھا کہ اب ان کے انیل کمبلے کے ساتھ تعلقات استوار نہیں ہوسکتے۔رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ایونٹ کے دوران بھی انیل کمبلے اور کوہلی کے درمیان کوئی بات چیت ہوتی نظر نہیں آئی اور کمبلے زیادہ تر کھلاڑیوں کے ساتھ بولنگ پریکٹس میں مصروف رہے۔انیل کمبلے ٹیم کے کامیاب کوچ رہے جن کے دور میں ہندوستان نے 17 میں سے 12 ٹسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی۔ انیل کمبلے کے مستعفی ہونے کے بعد تنڈولکر، گنگولی اور لکشمن کو ٹیم کے اگلے کوچ کے انتخاب کی ذمہ داری دی گئی ہے۔چیمپیئنز ٹرافی کے اختتام کے بعد انیل کمبلے، ٹیم کے ساتھ دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے روانہ ہونے کے بجائے آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لئے لندن میں ہی رک گئے ہیں جو 23 جون تک جاری رہے گی۔ انیل کمبلے اور کوہلی کے درمیان چند دن قبل اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT