Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / اوبلاپورم کانکنی مقدمہ : جناردھن ریڈی کی ضمانت منظور

اوبلاپورم کانکنی مقدمہ : جناردھن ریڈی کی ضمانت منظور

نئی دہلی 20 جنوری ( این ایس ایس ) سپریم کورٹ نے آج کرناٹک کے سابق وزیر گالی جناردھن ریڈی کی ضمانت منظور کردی ۔ جناردھن ریڈی اوبلاپورم کانکنی مقدمہ کے ملزم ہیں۔ سپریم کورٹ نے گالی جناردھن ریڈی کو سی بی آئی کی جانب سے یہ بیان دئے جانے کے بعد ضمانت فراہم کی کہ اس نے جناردھن ریڈی سے متعلق مقدمہ میں تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور چارچ شیٹ اور ضمنی چارچ شیٹ دونوں پیش کئے جاچکے ہیں۔ ایجنسی کے بیان کو ریکارڈ میں شامل کرتے ہوئے چیف جسٹس ایچ ایل دتو کی قیادت والی ایک بنچ نے کہا کہ چونکہ تحقیقاتی ایجنسی کو ضمانت کی فراہمی میں کوئی اعتراض نہیں ہے اس لئے ہم درخواست گذار ( جناردھن ریڈی ) کو ضمانت فراہم کرتے ہیں۔ اس بنچ میں جسٹس اے کے سیکری اور جسٹس ارون مشرا بھی شامل تھے ۔ بنچ نے کہا کہ اڈیشنل سالیسیٹر جنرل منندر سنگھ وکیل دشینت داوے نے واضح کیا کہ درخواست گذار تقریبا چار سال سے جیل میں ہیں۔ ضمانت منظور کرتے ہوئے عدالت نے جناردھن ریڈی پر کچھ شرائط بھی لاگو کی ہیں۔ انہیں دس لاکھ روپئے فی کس کی دو ضمانتوں کی تکمیل پر جیل سے رہا کیا جائیگا اور انہیں عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT