Tuesday , December 18 2018

اورنگ آباد میں صورتحال معمو ل پر

اورنگ آباد 13 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وسطی مہاراشٹرا کے شہر اورنگ آباد میں ایک اضطراب آمیز سکون پایا جاتا ہے جہاں کل دو فرقوں کے مابین پیش آئی جھڑپوں میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ یہ تشدد غیر قانونی آبی کنکشن کے مسئلہ پر برپا ہوا تھا ۔ پولیس کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے صورتحال پر کڑی نظر رکھی گئی ہے ۔ مراٹھواڑہ علاقہ کے اس شہر میں صورتحال قابو میں کرلی گئی ہے لیکن یہاں اب بھی کچھ تحدیدات برقرار ہیں۔ پولیس عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ انٹرنیٹ خدمات ہنوز معطل رکھی گئی ہیں اور امتناعی احکام بھی لاگو ہیں۔ بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں کو مختلف مقامات پر متعین کیا گیا ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انسپکٹر جنرل پولیس ( اورنگ آباد ) ملند بھرامبے نے کہا کہ کل پولیس فائرنگ میں ہلاک ہوئے 17 سالہ نوجوان کی تدفین آج شہر میں عمل میں آئی جہاں صورتحال معمول پر آگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقہ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالنے کیلئے اضافی پولیس دستے متعین کردئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا پر افواہیں پھیلانے سے روکنے کیلئے انٹرنیٹ خدمات بھی معطل کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور لا اینڈ آرڈر کی برقراری میں پولیس کی مدد کریں۔ دو فرقوں کے مابین جھڑپیں موتی کرانجا علاقہ میں جمعہ کی رات سے شروع ہوئی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT