Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / اورنگ زیب کے پتہ پر وینکیا نائیڈو کا ریمارک مضحکہ خیز

اورنگ زیب کے پتہ پر وینکیا نائیڈو کا ریمارک مضحکہ خیز

ملک کی تاریخ سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا الزام ، کانگریس ایم ایل سی محمد فاروق حسین کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر وینکیا نائیڈو کے اورنگ زیب کے پتہ سے متعلق بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے وینکیا نائیڈو سے سوال کیا کہ اگر امریکہ یا آسٹریلیا میں رہنے والے کسی مسلمان کی جانب سے ہندوستان کو مسلم مملکت قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تو کیا اس کو بھی قبول کیا جائے گا ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے کہا کہ ہندوتوا طاقتوں کی جانب سے ملک کی تاریخ سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور مسلم بادشاہوں کو ہندو دشمن بناکر پیش کیا جارہا ہے ۔ اورنگ زیب نے کئی اچھے کام کئے ہیں اس کو کبھی اجاگر نہیں کیا جاتا ۔ آلودہ سوچ رکھنے والی طاقتیں مسلم بادشاہوں کے خلاف تشہیر کررہی ہیں ۔ جب دہلی میں ایک روڈ کا نام اورنگ زیب رکھا گیا تھا تب کسی کو کوئی اعتراض نہیں تھا ۔ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت تشکیل میں آنے کے بعد اورنگ زیب روڈ کا نام انہیں بالخصوص مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر وینکیا نائیڈو کو کھٹکنے لگا اورنگ زیب کا نام ہٹانے کے لیے ڈاکٹر عبدالکلام کے نام کو استعمال کیا گیا ۔ اگر مرکزی حکومت کو ڈاکٹر عبدالکلام سے کوئی ہمدردی تھی دہلی میں کسی اور سڑک کا نام عبدالکلام سے موسوم کرتی ، مگر اورنگ زیب کے نام کو تبدیل کرنے کے لیے بہت بڑی سازش کی گئی اور پاکستان شہری کی جانب سے سڑک کا نام تبدیل کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے فیصلے کی مدافعت کی ہے ۔ وہ مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر وینکیا نائیڈو سے استفسار کرتے ہیں کہ اگر کوئی امریکہ و آسٹریلیا میں رہنے والے مسلمان کی جانب سے ہندوستان کو مسلم مملکت میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی تو کیا وہ اور ان کی مرکزی حکومت اس کو قبول کرے گی ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے وینکیا نائیڈو کو ہندوتوا کا چشمہ اتار کر بحیثیت مرکزی وزیر ہندوستان کے قوانین اور دستوری فرائض کو انجام دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ مسلمان سچے حب الوطنی ہیں جو ملک میں تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں مگر ہندوتوا طاقتیں وقفہ وقفہ سے مسلمانوں کی دل آزاری کے کام کررہی ہیں اور اس پر فخر محسوس کررہی ہیں ۔ اورنگ زیب کا نام لینے پر شرم محسوس کرتے ہوئے مرکزی وزیر شہری ترقیات نے اس کا ثبوت پیش کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT