Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / اوقافی املاک کے کرایوں میں اضافہ ‘ ماہانہ 60 لاکھ آمدنی متوقع

اوقافی املاک کے کرایوں میں اضافہ ‘ ماہانہ 60 لاکھ آمدنی متوقع

حیدرآباد۔/27نومبر، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کے اداروں کے کرایوں پر نظرثانی اور اضافہ کے سلسلہ میں ماہرین پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے بعد سبکدوش ہونے والے سابق عہدیداروں پر مشتمل اس کمیٹی نے نہ صرف اپنی ذمہ داری سنبھالی بلکہ 300سے زائد کرایہ داروں کے کرایہ میں اضافہ کرتے ہوئے وقف بورڈ کی ماہانہ آمدنی کو 12لاکھ تک پہنچا دیا ہے۔ جناب ای اسمعیل ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و سابق رکن انسانی حقوق کمیشن، کمیٹی کے صدرنشین ہیں جبکہ جناب یوسف شریف ( آئی ایف ایس ) ریٹائرڈ پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ، جناب مظہر الدین انجینئر اِن چیف ریٹائرڈ آر اینڈ بی، جناب ضیاء الدین ڈائرکٹر ایچ ایم ڈی اے ( ریٹائرڈ ) اور جناب محمد عظمت اللہ خاں ڈی ایس پی ( ریٹائرڈ ) کمیٹی ارکان ہیں۔ اس کمیٹی نے نبی خانہ مولوی اکبر اور دیگر اوقافی اداروں کا معائنہ کرکے کرایوں میں اضافہ کیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ مختلف اوقافی اداروں کے کرایوں میں اضافہ کے ذریعہ وقف بورڈ کو ماہانہ 60لاکھ روپئے کی آمدنی ہوگی۔ اسپیشل آفیسر جناب جلال الدین اکبر نے بتایا کہ یہ کمیٹی نہ صرف مختلف اوقافی اداروں کا دورہ کررہی ہے بلکہ مارکٹ ویلیو کے حساب سے کرایوں کا تعین کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT