Tuesday , September 18 2018
Home / اضلاع کی خبریں / اوقافی جائدادوں کی ترقی کے لئے منصوبۂ عمل

اوقافی جائدادوں کی ترقی کے لئے منصوبۂ عمل

صدر کرناٹک وقف بورڈ ڈاکٹر محمد یوسف کا بیان

صدر کرناٹک وقف بورڈ ڈاکٹر محمد یوسف کا بیان
بیدر /18 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں 340 اوقافی جائدادوں کی ترقی کے لئے فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لئے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کے صدر ڈاکٹر محمد یوسف نے یہ بات بتائی۔ ریاستی حکومت کی ایک سالہ میعاد مکمل ہونے کے پیش نظر ریاستی وزیر اوقاف و اقلیتی بہبود جناب قمر الاسلام کی زیر صدارت جائزہ کمیٹی اجلاس میں صدر نے بتایا کہ ریاست بھر میں اوقافی جائدادوں کے سروے کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ ریاست کے 14 ڈیویژن میں سے 3 ڈیویژن میں سروے کا کام مکمل ہو چکا ہے، جب کہ میسور ڈیویژن میں یہ کام جاری ہے۔ ماہ اکتوبر میں اوقافی جائدادوں کی سروے رپورٹ بورڈ کو حاصل ہوگی، تب ہی ریاست میں اوقافی جائدادوں کی صحیح تفصیلات حاصل ہوں گی۔ 340 اوقافی جائدادوں کی شناخت کرکے ان کی ترقی کے ذریعہ آمدنی حاصل ہو، اس کے لئے کوشش کی جائے گی۔ کمرشیل اور تعلیمی سرگرمیوں میں اس کا استعمال کرکے حاصل ہونے والی آمدنی کو مسلم طبقہ کی تعلیم اور صحت میں بہتری کے لئے خرچ کیا جائے گا۔ اوقافی جائدادوں کے تعلق سے مختلف مسائل درپیش ہیں، مقدمات چل رہے ہیں، جن کی یکسوئی کے بغیر اوقافی جائدادوں کی ترقی ممکن نہیں ہے، جس کی وجہ سے ڈیویژن سطح پر وقف عدالت منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عدالت کی ذمہ داری متعلقہ اضلاع کے وقف بورڈ کے ارکان کو دی گئی ہے۔ 24 مئی کو ریاستی وقف بورڈ کی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ اجلاس کو ریاستی وزیر جناب قمر الاسلام نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ اوقافی جائدادوں کے سروے کا کام جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT