Wednesday , January 23 2019

اوقافی جائیدادوں کے کرائے وصول کرنے کی مہم

علاء الدین وقف عمارات اور نبی خانہ مولوی اکبر پر توجہ
حیدرآباد۔/20ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے لئے صدر نشین محمد سلیم نے اہم اوقافی جائیدادوں کے کرائے وصولی کی مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ مکہ مدینہ علاء الدین وقف اور نبی خانہ مولوی اکبر کے سینکڑوں کرائے داروں سے کرایہ جات وصول کرنے چیف ایگزیکیٹو آفیسر منان فاروقی کی نگرانی میں 15 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ٹیم میں شامل عہدیدار مسلسل ایک ہفتہ تک دونوں جائیدادوں کے پاس عارضی دفاتر کے قیام کے ذریعہ موجود رہیں گے۔ صدر نشین محمد سلیم نے آج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ان قیمتی جائیدادوں سے کرائے جات کی عدم وصولی پر برہمی کا اظہار کیا۔ مکہ مدینہ علاء الدین وقف مدینہ بلڈنگ اور نبی خانہ مولوی اکبر پتھر گٹی کے بیشتر کرائے دار مارکٹ ریٹ سے کرائے ادا نہیں کررہے ہیں۔ صدر نشین وقف بورڈ نے بتایا کہ عہدیداروں کی ٹیم دونوں جائیدادوں کے کرائے داروں سے ملاقات کرے گی۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر آئندہ ہفتہ دو دن وہاں موجود رہیں گے اور کرائے داروں کے مسائل کی یکسوئی کریں گے۔ بعض کرائے دار پرانے انتظامیہ کو کرایہ ادا کررہے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ اگر وقف بورڈ کو کرایہ ادا نہیں کیا گیا تو تخلیہ کی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہر کے مضافاتی علاقوں غیر آباد تاریخی مساجد کو آباد کرنے کیلئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں کے ساتھ جمعرات کو اجلاس طلب کیا ہے۔ محمد سلیم کی مساعی سے اب تک دو تاریخی مساجد کو آباد کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT